بھارت میں پریس آزاد ہو تو بی جے پی کی حکومت ختم ہوجائے گی

عوامی آواز کو تحفظ دینے والے انتظامی ڈھانچے پر بی جے پی کا قبضہ ہے:راہول گاندھی

Hassan Shabbir حسن شبیر جمعرات 8 اکتوبر 2020 06:55

بھارت میں پریس آزاد ہو تو بی جے پی کی حکومت ختم ہوجائے گی
دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اکتوبر2020ء) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اگر بھارت میں پریس اور ادارے آزاد ہوں تو بی جے پی کی حکومت ختم ہوجائے گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ عوامی آواز کو تحفظ دینے والے انتظامی ڈھانچے پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظام مودی حکومت کی گرفت میں ہو تو اپوزیشن پر بے بس ہونے کا الزام جائز نہیں ہے۔

راہول گاندھی نے ایک مرتبہ پھر فرانس سے رافیل طیاروں کی مودی کی ڈیل کو اٹھایا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں پریس اور ادارے آزاد ملیں تو رافیل ڈیل کے واضح ثبوت دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتےاتر پردیش کی پولیس نے کانگریس رہنما راہول گاندھی کو حراست میں  لے لیا تھا۔

(جاری ہے)

راہول گاندھی ہتھراس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کے اہلخانہ سے ملنے جارہے تھے۔

خیال رہے کہ بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کے ہاتھوں اجتماعی زیادتی کا شکار دلت لڑکی دو روز قبل اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔19 سالہ لڑکی کو دارالحکومت سے 62 کلومیٹر دور ضلع ہتھراس میں چودہ ستمبر کو زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی دلت لڑکی دہلی اسپتال میں موت کی وادی میں جا سوئی۔لڑکی کی زبان کاٹ دی گئی تھی جب کہ اس کی ریڑھ کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔

لڑکی کی موت سے بھارت میں غم وغصے کی لہر دوڑگئی اور عوام نے مودی سرکار سے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ بی جے پی بھارت کی حکمران جماعت ہے جس کے سربراہ نریندر مودی ہیں،اور بھارت کے موجودہ وزیر اعظم بھی ہیں، اقتدار میں آتے ہی جے پی نے ظلم و ستم کا بازار گرم کیا اور ملک کے طول عرض میں مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ کاروائیاں بھی ہیں۔کشمیر میں بھی بی جے پی کی جانب سے کرفیو اور قبضے کی کوششیں کی گئی ہیں۔

دہلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں