ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل مرحلے کیلئے 3 ٹیموں نے جگہ پکی کر لی

آسٹریلوی ٹیم نے افغانستان سے یقینی فتح چھینتے ہوئے 3 وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور ورلڈ کپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 7 نومبر 2023 22:21

ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل مرحلے کیلئے 3 ٹیموں نے جگہ پکی کر لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 نومبر2023ء) ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل مرحلے کیلئے 3 ٹیموں نے جگہ پکی کر لی۔ کینگروز نے افغانستان سے یقینی فتح چھینتے ہوئے 3 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، یوں آسٹریلوی ٹیم ورلڈ کپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔ اس سے قبل جنوبی افریقا اور بھارت کی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

واضح رہے کہ ممبئی میں افغان ٹیم کیخلاف آسٹریلیا کی تاریخی فتح نے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے کوشاں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے صورتحال قدرے آسان کر دی۔ دوسری جانب پاکستان کیلئے اہمیت اختیار کر جانے والے، 9 نومبر کو بھارت کے شہر بنگلورو میں شیڈول نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے میچ سے قبل قدرت کا نظام ایکشن میں آ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے جمعرات کو شیڈول میچ سے قبل منگل کے روز بنگلورو میں طوفانی بارش ہوئی جس کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بنگلورو میں آئندہ چند روز کے دوران بھی بارش کا امکان ہے، جس کے باعث ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے کوشاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے فائنل 4 رسائی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات 9 نومبر کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے اہم میچ والے دن بنگلورو میں بارش کے امکانات تھے، جو اب مزید بڑھ گئے ہیں۔ اگلے دو دنوں یعنی 8 نومبر اور 9 نومبر تک بارش کا امکان بالترتیب 86% اور 80% ہے۔

بارش ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ مل جائے گا، یہ صورتحال پاکستان کیلئے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو گی کیونکہ اگر سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہو پاتا تو پھر پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ کیخلاف صرف جیت درکار ہوگی۔ پاکستان نے ہفتے کے روز بنگلورو میں نیوزی لینڈ کو ڈی ایس ایل میتھڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دی اور آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل کی دوڑ میں زندہ رہا لیکن اس کا راستہ اتنا آسان نہیں ہے اور بہت سے عوامل اس میں شامل ہیں۔

بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کولکتہ میں لازمی جیتنے والے میچ میں کھیلے گی لیکن ممکنہ طور پر ان کی قسمت کا فیصلہ اس سے پہلے ہو جائے گا کیونکہ ان کا انحصار افغانستان کے میچز کے نتائج پر ہے اور نیوزی لینڈ اس وقت تک اپنے بقیہ میچ کھیل چکے ہوں گے۔

دہلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں