ماسک پہننے سے انکار پر باپ نے بیٹے کو مار ڈالا

بیٹا ماسک پہنے بغیر گھر سے باہر جا رہا تھا، تلخ کلامی کے بعد باپ نے بیٹے کا گلہ گھونٹ دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 اپریل 2020 17:29

ماسک پہننے سے انکار پر باپ نے بیٹے کو مار ڈالا
کلکتہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 اپریل 2020ء ) دُنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی 19 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ دُنیا بھر میں لاکھوں افراد کی اموت کے باوجود پاکستان اور بھارت میں لوگ کورونا کو سیریس لینے کو تیار نہیں ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر لوگ ماسک پہن کر احتیاط کا راستہ اپنا رہے ہیں مگر ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو بغیر ماسک کے دندناتے پھر رہے ہیں۔

ایسے ہی جعلی پھنّے خان خود بھی کورونا میں مبتلا ہو رہے ہیں اور دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ بھارت کے شہرکلکتہ میں ایک انتہائی ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا ہے جس میں باپ نے اپنے بیٹے کو اس وجہ سے مار ڈالا کہ وہ باہر جاتے وقت ماسک پہننے کو تیار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے کلکتہ کے ایک علاقے میں مقیم شخص بنسی دھر ملک نے اپنے بیٹے کو تلخ کلامی کے بعد مار ڈالا۔

ملزم کا بیٹا گھر سے باہر جا رہا تھا جب 78 سالہ باپ نے اسے ڈانٹا کہ وہ ماسک پہنے بغیر گھر سے نہ نکلے۔ مگر بیٹے نے والد کا کہنا ماننے کے بجائے اس سے بدتمیزی کی۔ اسی بات پر دونوں میں تُو تُو میں مَیں ہوئی تو باپ نے شدید غصّے میں آ کر اپنے 45 سالھ بیٹے کا گلہ گھونٹ کر اسے ہلاک کر دیا۔ والد نے اس واردات کے بعد پولیس اسٹیشن جا کر گرفتاری دے دی۔

  تفتیش کے دوران والد نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ذہنی مریض بیٹے کو تاکید کر رہا تھا کہ بغیر ماسک کے گھر سے باہر نہ جائے، کیونکہ ایسی صورت میں گھر کے تمام افراد کو بھی کورونا کا مرض لاحق ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ مگر وہ اپنی ضد پر اڑا رہا۔ پتا نہیں وہ کیوں اشتعال کی حالت میں اپنے ہوش و حواس سے بیگانہ ہو گیا کہ اپنے ہی پیارے بیٹے کی جان لے لی۔

واضح رہے کہ بھارت میں لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک 18601 مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تاہم طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک ہزاروں ممکنہ مریض ایسے آئے ہیں، جن کی تشخیص نہیں ہو پا رہی۔ کورونا کے ہاتھوں مرنے والوں کی گنتی 590 ہو گئی ہے۔ جبکہ سینکڑوں افراد کی حالت تشویش ناک ہے ۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے چند روز میں درجنوں مزید افراد موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔ 

دہلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں