کویت: پرواز کے دوران سابق رُکن پارلیمنٹ اور ایئر ہوسٹس کی لڑائی

دونوں خواتین کی چخ چخ سے تنگ آ کر پائلٹ نے کنٹرول ٹاورسے مدد مانگ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 جون 2019 17:02

کویت: پرواز کے دوران سابق رُکن پارلیمنٹ اور ایئر ہوسٹس کی لڑائی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13جُون 2019) کویت کے اخبار القبس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصر سے کویت آنے والی پرواز کے دوران دو خواتین آپس میں لڑ پڑیں۔ جس سے مسافروں کے درمیان شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ یہاں تک کہ مسافر دونوں خواتین کی طویل لڑائی سے شدید پریشان ہو گئے اور پرواز کے عملے سے درخواست کی کہ ان دونوں خواتین کو کسی طرح سے چُپ کرایا جائے یا پرواز سے آف لوڈ کر دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق مصر سے کویت کو جانے والی پرواز میں صورتِ حال اُس وقت کشیدہ ہوئی جب کویت کی ایک سابق رُکن پارلیمنٹ جو کہ ایک معروف صحافی کی اہلیہ بھی ہے، وہ جہاز کی ایئر ہوسٹس سے کسی بات پر اُلجھ پڑی۔ دونوں کے درمیان کسی بات پر ہونے والی تکرار سے مسافر زچ ہو کر رہ گئے۔ مگر دونوں خواتین میں سے کوئی بھی ہار ماننے کو تیار نہ ہوئی۔

(جاری ہے)

آخر جب مسافروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو انہوں نے جہاز کے عملے سے کہا کہ وہ پائلٹ کو ساری صورتِ حال سے آگاہ کریں تاکہ اُنہیں مزید ذہنی کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پائلٹ نے بھی اپنی جانب سے یہ معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی مگر جب اُس کی بھی دونوں لڑاکا خواتین پر ایک نہ چلی تو آخر اُس نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا کہ وہ پرواز دوبارہ ایئر پورٹ پر اُتار رہا ہے، تاکہ ان دونوں خواتین کے خلاف پرواز کا ماحول خراب کرنے کے الزام میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جونہی جہاز واپس ایئر پورٹ پراُترا تو ایئر ہوسٹس اور سابق رُکن پارلیمنٹ خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔

سابق رُکن پارلیمنٹ نے اس جھگڑے کے لیے ایئر ہوسٹس کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ایئر ہوسٹس نے اُس کی کسی بات پر توہین کی تھی۔ جس پر وہ بھڑک اُٹھی۔ جبکہ ایئر ہوسٹس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ اس خاتون نے اُس کے ساتھ بدزبانی کی جس کے باعث دونوں میں جھگڑا شروع ہوا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں