کویت کے امیر نواف الاحمد الجابر الصباح انتقال کرگئے

ان کی عمر 86 برس تھی‘ سرکاری ٹی وی پر کویت کے حکمران کی وفات کا اعلان کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 دسمبر 2023 15:09

کویت کے امیر نواف الاحمد الجابر الصباح انتقال کرگئے
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 دسمبر 2023ء ) کویت کے امیر نواف الاحمد الجابر الصباح انتقال کرگئے۔ کویتی سرکاری ٹی وی کے مطابق کویت کے امیر نواف الاحمد الجابر الصباح آج ہفتہ کے روز 86 برس کی عمر میں وفات پا گئے، ریاست کے امیری دیوان نے کویت کے حکمران کے انتقال کا اعلان کیا، اس سلسلے میں سرکاری ٹیلی ویژن نے پہلے شاہی خاندان میں موت کا اشارہ دیتے ہوئے اپنی معمول کی پروگرامنگ منقطع کرتے ہوئے قرآنی آیات چلانا شروع کیں، جس کے فوری بعد ہی نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ ہم ریاست کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح کی وفات پر سوگوار ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ امیر کویت نے مارچ 2021ء میں غیر متعینہ طبی معائنے کے لیے امریکہ کا سفر کیا تھا اور گزشہ ماہ شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی اچانک طبیعت بگڑنے پر انہیں ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ان کا علاج جاری تھا کچھ وقت کے لیے امیر کویت کی طبیعت میں بہتری بھی آئی تاہم وہ مکمل طور پر صحت یاب نہ ہوسکے اور آج خالق حقیقی سے جا ملے۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ شیخ نواف نے اپنے پیشرو مرحوم شیخ صباح الاحمد الصباح کی 2020ء میں وفات کے بعد امیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا، شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اس سے قبل کویت کے وزیر داخلہ اور دفاع بھی رہ چکے ہیں، ان کی وفات کے بعد اب 83 سال کی عمر میں شیخ مشعل الاحمد الجابر کو کویت کے حکمران کا عہدہ ملنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں