کویت کی ویزہ پالیسی میں تبدیلی

ایک ماہ کے فیملی ویزے اور تین ماہ کے سیاحتی ویزوں کا اعلان کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 فروری 2024 15:48

کویت کی ویزہ پالیسی میں تبدیلی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری 2024ء ) کویت نے ترقی کو تیز کرنے کے لیے فیملی اور ٹورسٹ ویزا کے ضوابط پر نظر ثانی کرتے ہوئے نئی پالیسی کے تحت ایک ماہ کے فیملی ویزے اور تین ماہ کے سیاحتی ویزوں کا اعلان کردیا۔ گلف نیوز کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے تجارتی، اقتصادی اور سیاحتی منظر نامے کو بحال کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر فیملی، تجارتی اور سیاحتی وزٹ ویزہ کے اجراء کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، اس حوالے سے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور قائم مقام وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف کی ہدایات کے بعد تمام 6 گورنریٹس کے رہائشی امور کے محکمے اب ان نظر ثانی شدہ رہنماء خطوط کے تحت درخواستوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

نئی پالیسی اور تازہ ترین ویزہ شرائط سے پتا چلتا ہے کہ درخواست دہندگان کو فرسٹ ڈگری کے رشتہ داروں جیسے والدین، میاں بیوی اور بچوں کی کفالت کے لیے کم از کم 400 کویتی دینار اور دیگر رشتہ داروں کے لیے 800 کویتی دینار تنخواہ کی مخصوص حدوں کو پورا کرنا ہوگا، فیملی وزٹ ویزے پر ملک میں قیام کی مدت ایک ماہ مقرر کی گئی ہے جب کہ سیاحتی وزٹ ویزے تین ماہ کے لیے کارآمد ہوں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ویزہ کے حصول کے درکار کلیدی ضروریات میں قومی ایئرلائنز پر بک کرائے گئے راؤنڈ ٹرپ فلائٹ ٹکٹ اور ایک تحریری عہد شامل ہے کہ وزٹ ویزے کو رہائشی اجازت نامے میں تبدیل نہیں کیا جائے گا، ان تبدیلیوں کے ساتھ رہائشی امور کے محکموں نے ویزہ کی درخواستوں میں اضافے کی اطلاع دی ہے، خاص طور پر فروانیہ اور حوالی گورنریٹس میں نئی پالیسی کی وجہ سے پیدا ہونے والی طلب اور دلچسپی کی نشاندہی کی گئی۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ وزیٹرز کے لیے طبی علاج پرائیویٹ ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتالوں میں دستیاب ہوگا، سرکاری ہسپتال ان لوگوں کے لیے مختص ہیں جو اپنے ویزہ قیام کی مدت پر عمل پیرا ہیں، قیام کے دورانیے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ویزہ کے ضوابط پر نظرثانی کا فیصلہ کویت کے اپنے اقتصادی شعبوں کو متحرک کرنے اور دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کے سٹریٹجک ارادے کی عکاسی کرتا ہے، سیاحتی ویزے اب 53 ممالک کے افراد کے لیے قابل رسائی ہوں گے، یا تو آمد پر یا وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر دستیاب الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے ان کا حصول ممکن ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں