کویت کے امیر نے مثال قائم کردی

تاریخ میں پہلی بار وزارت خارجہ کا منصب شاہی خاندان سے باہر ایک سابق سفارتکار کو سونپ دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 جنوری 2024 16:38

کویت  کے امیر نے مثال قائم کردی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2024ء ) خلیجی ملک کویت کے نئے امیر نے مثال قائم کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار وزارت خارجہ کا منصب شاہی خاندان سے باہر ایک سابق سفارت کار کو سونپ دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے نئی حکومت کی تشکیل کے ایک امیری فرمان پر دستخط کیے جس کی سربراہی وزیر اعظم شیخ ڈاکٹر محمد صباح ال سالم الصباح کریں گے، اس بار حکومت کی تشکیل میں کویت کے نئے امیر نے روایت سے ہٹ تاریخ میں پہلی شاہی خاندان سے باہر وزارت خارجہ کا منصب ایک سابق سفارت کار کو سونپ کر ایک نئی اور منفرد مثال قائم کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ تبدیلی نئے امیر کویت الشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی طرف سے ’اصلاحات و ترقی‘ پروگرام کی عکاسی کرتی ہے، جس کے تحت ارجنٹائن میں سابق کویتی سفیر عبداللہ آل یحییٰ کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے، اس قبل یہ عہدہ خصوصی طور پر حکمران خاندان کے افراد کے پاس ہی رہا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کویت کی نئی کابینہ 13 وزراء پر مشتمل ہے، جن میں حکمران خاندان کے 2 وزراء شامل ہیں، جن میں سے الشیخ فہد یوسف الصباح ریٹائرڈ بریگیڈیئر جنرل ہیں انہیں دفاع کا قلمدان اور قائم مقام وزیر داخلہ کے عہدےپر تعینات کیا گیا ہے جب کہ الشیخ فراس سعود المالک الصباح کو سماجی امور کی وزارت اور کابینہ کے امور کے قائم مقام وزیر مملکت کا عہدہ دیا گیا ہے، نورا المشعان کویت کی نئی حکومت میں واحد خاتون وزیر ہیں، جنہیں وزارت محنت اور میونسپل امور کی وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم شیخ ڈاکٹر محمد صباح ال سالم الصباح کی سربراہی میں بننے والی 13 رکنی کابینہ کی حکومت کے وزراء میں فہد یوسف الصباح ملک کے نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور قائم مقام وزیر داخلہ ہیں، ڈاکٹر عماد محمد العتیقی کے پاس نائب وزیر اعظم اور وزیر تیل کا عہدہ ہوگا، عبدالرحمن المطیری وزیر اطلاعات و ثقافت ہیں جب کہ وزارت صحت کا قلمدان ڈاکٹر احمد عبدالوہاب العوضی کو سونپا گیا ہے، سماجی امور، خاندانی اور چائلڈ ہُڈ کے امور کے وزیر، کابینہ کے امور کے قائم مقام وزیر مملکت فراس سعود الصباح ہوں گے، وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے اقتصادی امور اور سرمایہ کاری ڈاکٹر انور علی المضف ہیں۔

پتا چلا ہے کہ بجلی، پانی اور قابل تجدید توانائی کے وزیر، ہاؤسنگ کے امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر سالم فلاح الحجرف ہوں گے، وزیر مملکت برائے قومی اسمبلی امور، وزیر مملکت برائے امور نوجوانان اور وزیر مملکت برائے مواصلات داؤد سلیمان معرفی کو تعینات کیا گیا ہے، وزیر تعلیم اور وزیر اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کا عہدہ ڈاکٹر عادل محمد العدوانی کو دیا گیا ہے، وزیر تجارت و صنعت عبداللہ حماد الجوعان ہیں، وزیر خارجہ عبداللہ علی ال یحییٰ ہوں گے، وزیر انصاف اور وزیر اوقاف و اسلامی امور فیصل سعید الغریب کو تعیبنات کردیا گیا، تعمیرات عامہ کے وزیر اور بلدیات کے امور کی وزیر مملکت ڈاکٹر نورا محمد المشعان ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں