کویت نے ورک پرمٹ کے لیے بڑی شرط عائد کردی

شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ کی تجدید یا اجراء کے لیے تعلیمی سطح کے ثبوت فراہم کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ، اس کے بغیر نہ تو ورک پرمٹ جاری ہوگا اور نہ ہی اس کی تجدید کرائی جاسکے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 ستمبر 2021 13:36

کویت نے ورک پرمٹ کے لیے بڑی شرط عائد کردی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت نے ورک پرمٹ کے لیے بڑی شرط عائد کردی ، شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ کی تجدید یا اجراء کے لیے تعلیمی سطح کے ثبوت فراہم کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ، تعلیمی سطح کے ثبوت کے بغیر شہریوں اور غیر ملکیوں کو نہ تو ورک پرمٹ جاری ہوگا اور نہ ہی اس کی تجدید کرائی جاسکے گی ۔

کویتی میڈیا کے مطابق کویت نے نئی پالیسی کے تحت پیشہ ورانہ تفصیل کو تعلیمی سطح کے ساتھ جوڑدیا ہے جس کے بعد اب سے شہری اور غیرملکی ملازمین کی تعلیمی سطح و قابلیت کے ثبوت کے بغیر مطلوبہ ملازم کا عہدہ یا اس کے ورک پرمٹ کی تجدید نہیں کی جائے گی جب تک کہ اس کا مطلوبہ پیشہ حکومتی شرائط پر پورا نہ اترے۔ اس سلسلے میں کویتی حکام نے مطلوبہ پیشوں کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے جس میں کم از کم ڈپلومہ رکھنے والوں کے لیے ٹیکنیشن ، ٹرینر ، سپروائزر ، شیف ، پینٹر ، ریفری کے نام بتائے گئے ہیں جب کہ آپریٹر کے عہدے کے حصول کے لیے ان لوگوں کو اجازت دی گئی ہے جن کی تعلیم انٹرمیڈیٹ ڈگری یا پرائمری تعلیم سے کم ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ، انجینئر ، ڈاکٹر ، نرس ، ماہر موسمیات ، عام طبیعیات دان ، جنرل کیمسٹ ، ارضیات ، استاد ، ریاضی دان ، اکاؤنٹنٹ ، شماریات دان میڈیا اور دیگر شعبوں میں خصوصی ملازمتوں کی تعلیمی سطح کا تعین بیچلر ڈگری یا اس کے برابر کیا گیا ہے جب کہ ریسٹورنٹ میں مینیجر، فوڈ اینڈ بیوریج سروس ، ریٹیل سٹور اور ہوٹل کے استقبالیہ کی نوکری کے لیے کم از کم تعلیم انٹرمیڈیٹ رکھی گئی ہے ، اس کے علاوہ اخبار تقسیم کرنے والے ، مزدور ، کسان ، سیکورٹی گارڈ ، پولٹری بریڈر کے عہدوں کو کم از کم پرائمری تعلیم کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں