کویت میں اقامہ ٹرانسفر کیلئے غیرملکیوں کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان

غیرملکیوں کو کفیل کی رضامندی کے بغیر ملازمتیں تبدیل کرنے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 ستمبر 2023 15:38

کویت میں اقامہ ٹرانسفر کیلئے غیرملکیوں کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 ستمبر 2023ء ) خلیجی ملک کویت نے غیرملکی کارکنوں کو ملازمت کی تبدیلی کے لیے موجودہ کفیل کی منظوری کے بغیر دوسرے کفیل کو اقامہ ٹرانسفر کرنے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا۔ کویت ٹائمز کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت میں تحفظ کے شعبے کے امور کے قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر فہد مراد نے بتایا کہ اس وقت غیر ملکی کارکنوں کو اصل کفیل کی منظوری کی ضرورت کے بغیر ایک کفیل سے دوسرے کفیل کو اپنا اقامہ ٹرانسفر کرنے کے قابل بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم کارکنوں کو یہ سہولت کفیل کی جانب سے ملازمت کے معاہدے میں بیان کردہ شرائط و ضوابط یا نجی شعبے میں کام سے متعلق قانون نمبر (6/2010) کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کی صورت میں حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا کہ اتھارٹی آجروں کے درمیان لیبر کی منتقلی کو آسان بنانے کے لیے طریقہ کار کا بغور مطالعہ کر رہی ہے، یہ طریقہ کار قانونی حدود کی خلاف ورزی یا اس سے تجاوز کیے بغیر آجروں اور ملازمین دونوں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے منصفانہ توازن کو یقینی بنانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے کیوں کہ لیبر مارکیٹ میں مساوات کو برقرار رکھنا اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

پرائیویٹ لیبر قانون میں ممکنہ ترامیم کے بارے میں ڈاکٹر فہد مراد نے واضح کیا کہ ابھی تک کوئی ترمیم نہیں ہوئی ہے، تاہم کمیشن کچھ آرٹیکلز کا جائزہ لے رہا ہے اور قانون میں ترمیم کی ضرورت کا تعین کرنے کے لیے معلومات اور مشاہدات کا حصول جاری ہے۔ گھریلو ملازمین کی بھرتی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی جانب سے بھرتی کے مواقع کو زیادہ ممالک تک بڑھانے کی پالیسی پر زور دیا، جس کا مقصد مختلف ممالک سے کارکنوں کو روزگار کے حصول کا موقع دینا ہے، اس کیلئے ڈاکٹر فہد مراد نے شہریوں اور رہائشیوں کی جانب سے گھریلو ملازمین کی مانگ پوری کرنے کے لیے کئی مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ مفاہمت کی نئی یادداشتوں پر دستخط کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں