سعودی ایئر لائنز کے طیارے میں 2 سالہ بچے اچانک طبیعت بگڑ جانے کے باعث دم توڑ گیا

پرواز جدہ سے واشنگٹن جا رہی تھی جب ایک ننھے کی حالت اچانک بگڑ جانے پر طیارے کو کینیڈا کے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 نومبر 2019 11:32

سعودی ایئر لائنز کے طیارے میں 2 سالہ بچے اچانک طبیعت بگڑ جانے کے باعث دم توڑ گیا
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15نومبر 2019ء) جدہ سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن جانے والی پرواز میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث 2 سالہ بچہ اپنی زندگی سے محروم ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جہاز میں سوار میاں بیوی کے ہمراہ بچے کی حالت اچانک بگڑ گئی جس کے باعث پائلٹ نے طیارے کو قریب ہی کینیڈا کے سینٹ جان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُتار لیا۔

السعودیہ کے پائلٹ نے ایئر پورٹ کی انتظامیہ کو پہلے ہی بچے کی تشویش ناک صورتِ حال سے آگاہ کر دیا تھا، جس کے باعث رن وے پر پہلے سے ہی ایمبولینس پہنچ چکی تھی۔ بچے کو فوری طور پر جہاز سے اُتار کر طبی امداد دی گئی تاہم ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی بچے کی سانس ہمیشہ کے لیے بند ہو گئی۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ایئر لائنز کی پرواز جو واشنگٹن کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم اپنی منزل پر پہنچنے سے کچھ دیر پہلے اُس میں موجود ایک مسافر بچے کی حالت اچانک بگڑ گئی، جس کے باعث پائلٹ نے کینیڈا کی نیو برنسکوک ریاست کے سینٹ جان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے رابطہ کیا اور صورتِ حال کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت چاہی۔

(جاری ہے)

اجازت ملنے کے بعد سعودی ایئر لائنز کے طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح پونے بارہ بجے کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی۔ اس وقت دو سالہ بچے کو سانس لینے میں بہت زیادہ دِقت پیش آ رہی تھی۔ تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے ہی بچہ اللہ کو پیارا ہو گیا ۔سعودی ایئر لائنز نے بدنصیب بچے اور اس کے والدین کی قومیت اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں