سعودیہ میں شادی کے اشتہارات کی آڑ میں خواتین کی توہین پر کارروائی شروع ہو گئی

سوشل میڈیا پرضرورت رشتہ کے نام پر خواتین کی فرضی تصاویر اور متنازعہ مواد پوسٹ کرنے والے متعد د افراد گرفتار ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 جولائی 2021 15:34

سعودیہ میں شادی کے اشتہارات کی آڑ میں خواتین کی توہین پر کارروائی شروع ہو گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی2021ء ) سعودی عرب میں اسلامی و سماجی اقدار کی پیروی پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے اور ان اقدار سے متعلق کسی بھی قسم کی توہین یا خلاف ورزی گوارا نہیں کی جاتی ہے۔ سعودی قوانین میں بھی خواتین اور سماجی اقدار کے احترام کو بہت اہمیت دی گئی ہے۔ تاہم مملکت میں سوشل میڈیا پر کچھ اخلاق سے گرے افراد اور شرپسند عناصر کی جانب سے شادی اشتہارات کے نام پر خواتین کی توہین کا انکشاف ہوا ہے۔

جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا اور حکومت سے اس حوالے سے سخت ایکشن لینے کی درخواست کی ہے تاکہ خواتین کی پرائیویسی کا احترام ممکن بنایا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی پراسیکیوٹر جنرل کی طرف سے منگل کے روز سوشل میڈیا ویب سائٹس پر شادی اشتہارات کے ذریعے خواتین کی توہین سے متعلق معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر جنرل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دینی اقدار اور ریاستی قانون کی خلاف ورزی پر مبنی توہین آمیز اشتہارات اور خواتین کی اہانت کا کوئی بھی اقدام ناقابل قبول اور قابل مواخذہ ہے۔سعودی عرب کے پراسیکیوٹر جنرل کے مانیٹرنگ سیل نے سوشل میڈیا پر بعض ایسے اکاوٴنٹس کا پتا چلایا ہے جن پر خواتین کی شادی سے متعلق متنازع عبارت اور فرضی تصاویر پر مبنی اشتہارات شائع کیے گئے ہیں۔ ان اشتہارات میں مبینہ طور پر خواتین کی توہین، ریاستی قوانین کی خلاف ورزی اور سماجی قرینوں کی کھلے عام توہین کی گئی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں