سعودی عرب کا ہزاروں نئی ملازمتوں کا اعلان

11 ہزار 551 خالی اسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 جولائی 2023 12:47

سعودی عرب کا ہزاروں نئی ملازمتوں کا اعلان
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جولائی 2023ء ) سعودی عرب نے ہزاروں نئی ملازمتوں کا اعلان کردیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کے تعلیمی حکام نے نئے تعلیمی سال سے قبل ہزاروں ملازمتوں کی نقاب کشائی کی ہے، وزارت تعلیم نے کنٹریکٹ کی بنیاد پر مرد اور خواتین اساتذہ کے لیے مختلف مضامین میں مہارت رکھنے کے حامل 11 ہزار 551 اسامیوں کے لیے درخواستیں کھولنے کا اعلان کیا ہے، ہدف کردہ خصوصیات میں ریاضی، کیمسٹری، فزکس، انگریزی زبان، کمپیوٹر کی تعلیم اور مینجمنٹ شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ملزامت کے لیے درخواستیں یونیفائیڈ نیشنل ایمپلائمنٹ پلیٹ فارم جدارا کے ذریعے 25 جولائی کو صبح 9 بجے سے 30 جولائی کی رات 11 بجے تک خالی اسامیوں کے لیے مخصوص کردہ ضوابط اور زون کے مطابق دی جا سکتی ہیں، کامیاب امیدواروں کو ملازمتوں کے لیے متعلقہ تقاضوں کو پورا کرنا چاہیئے جن میں پیشے کا تجربہ اور مطلوبہ خصوصیت میں یونیورسٹی کی ڈگری کا ہونا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت نے کہا ہے کہ ان آسامیوں کی پیشکش کا مقصد قومی مقاصد کو پورا کرنے کے لیے قابل تعلیمی عملہ فراہم کرنا اور عالمی مسابقت کے لیے تعلیمی کارکردگی کو بڑھانا ہے۔ علاوہ ازیں سعودی وزارت تعلیم نے اگلے تعلیمی سال سے شروع ہونے والے سیکنڈری اسکول کے نصاب کے حصے کے طور پر زمین اور خلائی علوم کو پڑھانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے، یہ قدم اس وقت سامنے آیا جب دو حال ہی میں سعودی خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا 10 روزہ مشن مکمل کیا۔

وزارت نے کہا کہ زمین اور خلائی علوم کو پڑھانے کے فیصلے کا مقصد نصاب سے متعلق بہترین بین الاقوامی طریقوں اور سائنسی و قومی معیارات کے مطابق خلائی سائنس کے تئیں طلبہ کے مثبت رویوں کو فروغ دینا ہے، نئے مضامین کا تعارف مستقبل کے مقاصد سے نمٹنے کی خواہش کا حصہ ہے جس کا مقصد عالمی تبدیلیوں، مستقبل کی ضروریات اور لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے باخبر رہنے کے لیے سیکھنے کے نتائج کو اپ گریڈ کرکے بین الاقوامی سطح پر مسابقتی شہریوں کو اہل بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں