مکّہ : عمرہ کی سعادت حاصل کرنے گئی پاکستانی خاتون لاپتہ ہو گئی

حیدر آباد کی معمر خاتون کا گزشتہ تین روز سے کچھ پتا نہیں چل رہا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 دسمبر 2018 11:58

مکّہ : عمرہ کی سعادت حاصل کرنے گئی پاکستانی خاتون لاپتہ ہو گئی
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 دسمبر 2018ء) ہر سال عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانیوں کا نمبر سرفہرست ہوتا ہے۔ لاکھوں افراد کے مجمعے میں اکثر معمر بزرگ مرد و خواتین راستہ بھُول جاتے ہیں اور اپنے ٹھکانے پر نہیں پہنچ پاتے۔ ایسے لوگوں کو تلاش کرنا ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ معاملہ پاکستانی خاتون کے ساتھ پیش آیا ہے۔

اردو نیوز کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ کے مشہور شہر حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی خاتون طلعت ہاجرہ زوجہ افضل رشید جو کہ اس بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی مملکت آئی تھی۔ وہ مکّہ مکرمہ میں گزشتہ تین روز سے لاپتہ ہے۔ اس بارے میں خاتون کے بھانجے نے بتایا کہ اُس کی خالہ عمرہ کی غرض سے مکّہ مکرمہ آئی تھیں۔ وہ اپنی والدہ اور خالہ کو لے کر حرم پاک آیا۔

(جاری ہے)

وہ وضو کی غرض سے وضو خانے گئی مگر کئی گھنٹوں تک انتظار کے باوجود واپس نہ آئیں۔ اُن کی بہتیری تلاش کی گئی مگر ابھی تک اُن کا کوئی سُراغ نہیں مِل سکا۔ آس پاس کے مقامات پر بھی اُن کے بارے میں پوچھا گیا ہے، مگر کچھ پتا نہیں چل رہا۔ طلعت ہاجرہ کی گمشدگی کی اطلاع حرم شریف کے پولیس اسٹیشن میں درج کروا دی گئی ہے۔ گمشدہ خاتون کے بھانجے نے درخواست کی کہ اگر کسی کو اُس کی خالہ کے بارے میں کوئی علم ہو تو اس کی اطلاع پاکستانی قونصل خانے کو دیں یا پھر مکہ مکرمہ میں وزارت حج کے کسی بھی کیبن میں اُنہیں پہنچا دیا جائے۔

یاد رہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک مملکت میں تقریباً 23لاکھ فرزندانِ توحید کو ویزے جاری ہو چکے ہیں۔ جن میں 13 لاکھ 93 ہزار چار سو اکیانوے معتمرین عمرے کی سعادت کے بعد مملکت سے واپس جا چکے ہیں۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس بار سب سے زیادہ عمرہ زائرین پاکستان سے آئے ہیں جن کی گنتی 7 لاکھ 65 ہزار پانچ سو دس ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 6 لاکھ 10 ہزار تین سو تیرہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں