آج مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین پر ابرِ رحمت برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے

محکمہ موسمیات نے مکہ، باحہ، عسیر، ریاض اور نجران میں موسلادھار بارش جبکہ مدینہ ، حائل اور الجوف میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 مئی 2021 12:33

آج مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین پر ابرِ رحمت برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے
 مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 مئی 2021ء) سعودی عرب میں اس بار رمضان کے دوران اللہ کی مہربانی سے موسم انتہائی خوشگوار رہاہے۔ رمضان کے چاروں ہفتے مملکت بھر میں خوب بارشیں ہونے سے موسم بہت خوشگوار رہا اور روزہ داروں کے لیے بہت آسانی رہی ہے۔ جس پر انہوں نے اپنے رب کا ڈھیر شکر ادا کیا ہے۔ آج کے روزبھی سعودی محکمہ موسمیات نے خوشی بھری خبر سُنا دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز منگل سعودیہ کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج مکہ مکرمہ، نجران، عسیر، باحہ، ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن میں متعدد مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جبکہ مدینہ منورہ، حدود شمالیہ، الجوف اور حائل میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ سعودی علاقوں میں بارش کی وجہ سے گرمی کی شدت کم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

کچھ علاقوں میں بارش سے پہلے گرد و غبار کی آندھی چلے گی۔ جس سے ڈرائیورز کو پریشانی کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔ آج دوپہر کے وقت سب سے زیادہ گرمی مکہ مکرمہ اورمدینہ میں پڑے گی جہاں کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت تبوک میں 18 ڈگری سینٹی گریڈہوگی۔دوسری جانب ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں سعودیہ سمیت خلیجی ممالک میں گرمی کی شدید لہر آئے گی۔

جس کے بعد مملکت کے مشرقی ریجن میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا جبکہ مغربی اور وسطی علاقوں کے بعض شہروں میں کئی روز تک درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ رہے گا۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں