مکہ مکرمہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 1 ہلاک، 13 زخمی

مدینہ میں بھی ایک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد زخمی، 3 کی حالت نازک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 جون 2021 17:50

مکہ مکرمہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 1 ہلاک، 13 زخمی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 جون2021ء) سعودی عرب میں دو الگ الگ حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے اور متعدد زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالات تشویش ناک ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مکہ میں پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ 13 زخمی ہیں۔ یہ حادثہ ساحل مکہ اور اللیث روڈ پر واقع یلملم کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سعودی ہلال احمر کی جانب سے چار امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر جنرل ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

جبکہ مدینہ کی قریضہ روڈ پر بھی المدینہ المھد کے علاقے میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت نازک ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کے نجران ریجن میں ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور چار کی حالت تشویش ناک تھی۔

نجران ریجن کے ہلال احمر نے بتایا تھا کہ یہ حادثہ شاہراہ حبونا المنتشر پر پیش آیا تھا جب دو پک اپ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جن میں 8 افراد سوار تھے۔ اس تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اُٹھی تھی ، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جھُلس کر دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار کو موقع پر موجودلوگوں نے بڑی مشکل سے گاڑیوں سے نکال لیا، ورنہ ان کی بھی موت یقینی تھی۔

ہلال احمر کو اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا تھا۔ تاہم ان زخمی افراد کو دیگر ڈرائیورز پہلے ہی اپنی گاڑیوں میں قریبی ہسپتال منتقل کر چکے تھے۔ چاروں زخمی افراد کی حالت نازک ہے، کیونکہ آگ کی لپیٹ میں آنے سے ان کے جسم کا بہت سا حصہ جل گیا ہے۔ ڈاکٹرز ان افراد کی جان بچانے کی فوری کوشش کر رہے ہیں۔ ہلال احمر کے مطابق گاڑیوں میں آگ بھڑکنے کی وجہ سے زخمیوں کو فوری طور پر باہر نکالنے میں خاصی دُشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں