حرم شریف کے اندر خواتین کے لیے مخصوص دفتر قائم کردیا گیا

دفتر خواتین کی خدمات وغیرہ کے حوالے سے کام کرے گا اور نگرانی کے فرائض بھی سرانجام دے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 جنوری 2022 13:01

حرم شریف کے اندر خواتین کے لیے مخصوص دفتر قائم کردیا گیا
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 05 جنوری 2022ء ) حرم شریف کے اندر خواتین کے لیے مخصوص دفتر قائم کردیا گیا ، دفتر خواتین کی خدمات وغیرہ کے حوالے سے کام کرے گا اور نگرانی کے فرائض سرانجام دے گا۔ سعودی میڈیا کے مطابق حرمین شریفین اور مسجد نبوی کے امور کے جنرل صدر شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے شہزادی نورا بنت فہد بن مقرن بن عبدالعزیز کی موجودگی میں حرمین شریفین میں خواتین کے لیے مخصوص آفس کا افتتاح کیا ، افتتاح کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں خواتین کی نمایاں کوششوں اور خدمات کو ظاہر کرنے والی ایک فلم دکھائی گئی اور دو مقدس مساجد میں خواتین کے دفتر کے بارے میں بھی ایک مختصر تعارفی فلم دکھائی گئی۔

اس موقع پر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے بتایا کہ مخصوص دفتر کا مقصد حرمین شریفین میں خواتین کے کردار کی حمایت کرنے والے تمام اعداد و شمار اور معلومات کے لیے ایک قابل اعتماد ذریعہ بننا ہے اور خواتین کے ترقیاتی اور قائدانہ کردار کے اشاریوں کی تشکیل اور پیمائش کرکے فیصلہ سازوں کے لیے ایک حوالہ تشکیل دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حرمین شریفین کی خدمت میں خواتین کے موثر کردار کی تعریف کی اور کہا کہ مملکت نے ترقی کے پہیے کو آگے بڑھانے کے لیے خواتین کی حمایت کی اور انہیں بااختیار بنایا کیوں کہ خواتین مملکت کے وژن کو حاصل کرنے اور مزید ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے میں ایک اہم عنصر ہیں۔

بتاتے چلیں کہ سعودی عرب کے موجودہ ولی عہد مملکت کو ترقی دینے کی خاطر سعودی خواتین کی تعلیم ، ملازمت اور کاروباری مواقع کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ، گزشتہ پانچ سال کے عرصے میں لاکھوں سعودی خواتین گھروں سے نکل کر مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں ، ہزاروں خواتین کو سرکاری نوکریاں دی جا چکی ہیں۔ دُنیا بھر کو اس وقت حیرت ہوئی جب حج کے موقع پر ایک خاتون فوجی افسرعبیرالراشد نے سعودی خواتین پرمشتمل حج کی سکیورٹی فورسز کی پہلی میڈیا بریفنگ دی تھی ، انہوں نے حج کے لیے سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظام کی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی تھی جب کہ رمضان المبارک کے دوران میں بہت سی خاتون پولیس افسروں نے مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے لیے خدمات انجام دی تھیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں