حجاج کرام کی سہولت کیلئے سعودیہ میں 2 پاکستان ہاؤس بنانے کا فیصلہ

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دو پاکستان ہاؤس بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں‘ سعودی حکام سے اراضی مل جائے تو پاکستان ہاؤسز تعمیر کرلیں گے۔ نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 اکتوبر 2023 12:40

حجاج کرام کی سہولت کیلئے سعودیہ میں 2 پاکستان ہاؤس بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 اکتوبر 2023ء ) سعودی عرب میں دو پاکستان ہاؤس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وفاقی وزیر مذہبی امور نے تصدیق کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ہاؤس مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بنائے جائیں گے، حرم کی توسیع کے سبب سعودی عرب میں موجود دو پاکستان ہاؤس منہدم کردیئے گئے تھے، نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ دو پاکستان ہاؤسز کے حوالے سے سعودی حکومت کے ذمہ پاکستان کے 7 اعشاریہ 1 ملین ریال واجب الادا ہیں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 2 پاکستان ہاؤس بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی حکام سے اراضی مل جائے تو پاکستان ہاؤسز تعمیر کرلیں گے، امکان ہے کہ مکہ اور مدینہ میں دو عمارتیں مل جائیں گی، پاکستان ہاؤسز کی موجودگی سے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولیات میسر آسکیں گی، 2024ء کا حج پاکستانیوں کے لیے بڑی تبدیلیاں لے کر آئے گا، خواتین کو آئندہ برس 2 خصوصی اسکارف فراہم کیے جائیں گے، ان اسکارف پر قومی پرچم بنایا جائے گا تاکہ خواتین کی بطور پاکستانی شناخت ہو سکے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پاکستانی حجاج کرام کیلئے مختصر دورانیہ کے حج کی نئی اسکیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت سال 2024ء سے 18 سے 20 دن کے حج کا پیکج بھی دیا جائے گا، یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں سامنے آئی، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اجلاس کی صدارت ہوا، نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اس دوران سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور میں حج 2023ء کے انتظامات اور کمزوریوں سمیت دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں روڈ ٹو مکہ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کے لیے مختصر دورانیہ کا حج بھی متعارف کروانے کا اعلان کیا، جس کے تحت حجاج کرام کو 18 سے 20 دن کے حج کا پیکج دیا جائے گا، تاہم چئیرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ مختصر حج کا دوارنیہ 30 دن تک کیا جائے، اس حوالے سے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے بتایا کہ 40 دن یا مختصر حج کا فیصلہ حجاج کرام خود کریں گے جب کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں