مدینہ: یکم رمضان سے 15 رمضان تک 32 لاکھ لوگوں نے مسجد نبوی میں نمازِ تراویح ادا کی

رمضان المبارک کے دوران معمول کے مقابلے میں عمرہ زائرین کا بے پناہ رش ہوتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 مئی 2019 13:21

مدینہ: یکم رمضان سے 15 رمضان تک 32 لاکھ لوگوں نے مسجد نبوی میں نمازِ تراویح ادا کی
مدینہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 مئی 2019ء) حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران مسجد نبوی میں ہر وقت لاکھوں لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یکم رمضان المبارک سے 15 رمضان المبارک کے دوران 32 لاکھ سے زائد فرزندانِ توحید نے مسجد نبوی میں نمازِ تراویح ادا کی۔ اس مُدت کے دوران تقریباً 14 لاکھ افراد نے مسجد نبوی میں نماز تراویح ادا کی، جبکہ 15 لاکھ سے زائد نے مسجد سے ملحق احاطوں میں نماز تراویح پڑھی اور 2 لاکھ 34 ہزار افراد کی جانب سے نمازِ تراویح مسجد نبوی کی چھت پر ادا کی گئی۔

انتظامیہ نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ تقریباً 15,623 افراد مسجد نبوی کی چھت پر نماز ادا کرتے ہیں، اوسطاً 98,589 لوگ مسجد کے اندر نماز ادا کرتے ہیں اور 100,868 افراد مساجد سے ملحق احاطوں میں نماز پڑھتے ہیں۔

(جاری ہے)

یکم رمضان سے 15 رمضان کے دوران 669,048 عمرہ زائرین اور نمازیوں نے روضہ¿ رسول پر حاضری دی اور وہاں پر دُعائیں وغیرہ پڑھیں۔

اس بار عمرہ سیزن میں 70 لاکھ سے زائد افراد اب تک عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ معتمرین کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔مملکت آنے والے پاکستانی زائرین کی اب تک کی گنتی 15 لاکھ 30 ہزار 855ہے۔ جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 9 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے 6 لاکھ 35 ہزار سے زائد زائرین آئے ہیں۔

مصر سے آنے والوں کی گنتی 5 لاکھ 24 ہزار ،الجزائر سے 3 لاکھ 53 ہزار، یمن سے 3 لاکھ 23 ہزار، تُرکی سے 3لاکھ، ملائشیا سے 2 لاکھ 69 ہزار، عراق سے 2لاکھ 68 ہزار، جبکہ اُردن سے 1 لاکھ 94 ہزار معتمرین آئے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق اب تک مملکت میں تشریف لائے عمرہ زائرین میں سے 61 لاکھ 85 ہزار ایئرپورٹس کے ذریعے، 6 لاکھ 71 ہزار زمینی راستوں سے جبکہ 1 لاکھ 8 ہزار بحری راستوں سے آئے ہیں۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں