سعودی عرب میں موسم کے تیور پھر سے بگڑنے لگے

آج مدینہ منورہ، تبوک اور حائل میں موسلادھار بارش ہونے کا بھرپور امکان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 فروری 2020 12:36

سعودی عرب میں موسم کے تیور پھر سے بگڑنے لگے
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2020ء) سعودی مملکت میں سردی اس بار لگتا ہے لمبی مُدت کے لیے ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئی ہے۔ گزشتہ مہینے بھی کئی بار موسم معتدل ہو گیا اور یوں لگا کہ سردی رخصت ہو گئی ہے۔ مگر سردی کئی بار جاتی جاتی لوٹ آئی۔ اس با ر شدید سردی نے گرم موسم کے عادی سعودی عوام نے صحیح معنوں میں کڑاکے نکال دیئے ہیں۔گزشتہ دو تین روز سے سردی کی جو تازہ لہر آئی ہے اس نے مملکت کے متعدد علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر کے رکھ دی ہیں۔

موسم کی غیر یقینی صورتِ حال نے سعودی عوام کو بھی حیرت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق تبوک، الجوف ، حائل اور مدینہ منورہ میں بارش کا بھی امکان ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی ہونے کی باعث سردی میں اضافہ ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج الجوف ، حدود شمالیہ، قصیم، حائل، ریاض، مشرقی ریجن اور نجران کے جنوبی و مغربی علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ مملکت کے شمالی وسطی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی۔ بحیرہ احمر میں بھی اُونچی لہریں اُٹھیں گی۔ واضح رہے کہ اس بار سعودی عرب میں سردی اور بارشوں نے نظامِ زندگی بُری طرح سے معطل کر رکھا ہے۔

مکہ مکرمہ کا گرم خطہ بھی سردی کی لہر کے باعث ٹھٹھر کر رہا گیا ہے۔ اکثر زائرین کو بھی یہاں پر گرمی کی بجائے ٹھنڈ کی صورت میں سرپرائز مِلا ہے۔ اس وقت بھی سعودی عرب میں سردی پورے زور و شور سے پڑ رہی ہے۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ ایسا ہی ایک علاقہ الدوادمی ہے جہاں اس وقت درجہ حرارت منفی 3 ڈگری تک نیچے آ چکا ہے۔جبکہ سردی کی شدت سے الدوادمی کے نلکوں میں پانی جم گیا ہے۔چند روز قبل الدوادمی کے ایک مقامی کسان نے اپنے کھیتوں میں نصب ایک ٹیوب ویل کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں سے نکلنے والا پانی شدید سردی کے باعث جما ہوا دکھائی دے رہا تھا۔اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت حیرت کا اظہار کیا تھا۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں