مدینہ میں خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کرنے والے شہری کو کڑی سزا سنادی گئی

سعودی باشندے نے خاتون کو عقب سے چھونے کی جسارت کی اور اس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی‘ عدالت نے 8 ماہ قید اور 5 ہزار ریال جرمانہ کی سزا سنائی‘ دوسروں کی عبرت کیلئے میڈیا میں سزا کی تشہیر کا بھی حکم دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 جنوری 2022 10:58

مدینہ میں خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کرنے والے شہری کو کڑی سزا سنادی گئی
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جنوری 2022ء ) سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ میں خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کرنے والے شہری کو کڑی سزا سنادی گئی‘ فوجداری کی عدالت نے خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے مقامی شہری یاسر مسلم العروی کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے جس کی تشہیر کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ العربیہ نے روزنامہ ’عکاظ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی شہری نے خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کی تھی ، اسے تنگ کیا تھا اور اس کے بارے میں نازیبا زبان کا بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے العروی کو 8 ماہ قید اور 5 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

اس حوالے سے خاتون وکیل الجوھرہ المطیری نے بتایا کہ عدالت کی طرف سے سزا کا فیصلہ میڈیا میں جاری کرنے کا بھی حکم دیا گیا تاکہ دیگر افراد اس سے عبرت پکڑیں ، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یاسر مسلم محمد العروی پر الزام تھا کہ اس نے خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کی ، اسے عقب سے چھونے کی جسارت کی ، اس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی اور اسے تنگ کیا ، عدالتی کارروائی میں وہ ان تمام الزامات کا مجرم پایا گیا اور اس جرم کی پاداش میں سعودی شہری کو 8 ماہ قید اور 5 ہزار ریال جرمانے کا حکم دیا جاتا ہے نیز الیکٹرانک وسائل میں اس سزا کے بارے میں تشہیر کا حکم بھی دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے موجودہ ولی عہد کی جانب سے کئی اہم انقلابی اور اصلاحی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ، جن میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینا ، کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت اور سرکاری و نجی شعبے میں ان کے لیے ہزاروں ملازمتیں ریزرو کرنا شامل ہے ، اس کے لیے خواتین کو اپنی زندگی کے کئی اہم فیصلوں کا اختیار بھی مل گیا ہے تاہم انہیں جنسی ہراسگی اور چھیڑ خانی کے واقعات کا ابھی تک نشانہ بننا پڑتا ہے ۔

اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ ریاض شہر میں پیش آیا جہاں ایک غیر ملکی سیاح خاتون کو 6 سعودی نوجوانوں نے ہراسگی کا نشانہ بنایا ، ان نوجوانوں نے خاتون کی کارکو روک کر اس پر بیہودہ فقرے کسے اور اسے مسلسل پریشان کرتے رہے ، اس واقعے سے غیر ملکی خاتون پریشان ہو گئی ، اس واقعے کی اطلاع پولیس کو کی گئی تو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ان کی نشاندہی کر کے گرفتار کر لیا ۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں