عمرہ کمپنیوں کو مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے ہوں گے

معتمرین مطلوبہ معیار کی رہائش، سفری سہولت اور کھانا فراہم نہ کرنے پر کمپنی کے خلاف شکایت درج کرا سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 جون 2019 11:04

عمرہ کمپنیوں کو مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے ہوں گے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جُون 2019ء) سعودی عرب میں معتمرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی خاطر حکام کی جانب سے کئی دہائیوں سے عمرہ پیکیج متعارف کرا یا گیا ہے۔ اس پیکج کے تحت سعودی عرب میں موجود عمرہ کمپنی جدہ، مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں معتمرین کو بہترین خدمات مہیا کرنے کی پابند ہیں۔ معتمرین کو جدہ کے حج ٹرمینل سے وصول کر کے اُنہیں مکّہ مکرمہ میں کمپنی کی مقررہ رہائش گاہ تک پہنچانا بھی ان ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ میں رہائش فراہم کرنا، مکّہ مکرمہ میں مقررہ مُدت تک قیام کے بعد معتمرین کو مدینہ منورہ کی زیارت کروانا اور پھر وہاں سے واپس مکّہ اور اس کے بعد واپسی کے لیے حج ٹرمینل پر پہنچانا بھی کمپنی کی ذمہ داری ہے۔اس کے علاوہ کمپنی مقررہ کردہ پیکیج کے مطابق زائرین کو معیاری رہائش اور کھانا دینے کی پابندی ہیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی کمپنی مقررہ پیکج کے مطابق سہولیات مہیا نہیں کرتی تو اسے عمرہ پیکج کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ زائرین کو جدہ حج ٹرمینل سے مقدس مقامات اور پھر واپس جدہ حج ٹرمینل تک کی خدمات فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی بھی سنگین خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔ ایسی صورت میں زائرین جدہ حج ٹرمینل پر وزارت حج کے قائم کردہ ذیلی دفتر میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اگر ایئر پورٹ پر کمپنی کا نمائندہ نہیں آتا تو معتمر حج ٹرمنل پر قائم وزارت کے ذیلی دفتر میں موجود اہلکار سے رابطہ کر سکتا ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں کمپنی کی جانب سے مقررہ معیار کی رہائش نہ فراہم کرنے کی صورت میں بھی معتمرین مسجد الحرام کے اطراف میں جبکہ مدینہ منور ہ میں مسجد نبوی کے قریب قائم وزار ت حج و عمرہ کے شکایت کاﺅنٹرزپر اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں