سعودی عرب میں صنعتی شعبے میں419 نئی فیکٹریاں کھول دی گئیں

سینکڑوں نئی فیکٹریوں کی بدولت 24 ہزار سے زائد سعودیوں اورتارکین کو بھی روزگار ملے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 ستمبر 2019 13:23

سعودی عرب میں صنعتی شعبے میں419 نئی فیکٹریاں کھول دی گئیں
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،7 ستمبر 2019ء) سعودی عرب میں سینکڑوں نئی فیکٹریاں عنقریب کھول دی جائیں گی۔ سعودی وزارت توانائی، صنعت و معدنیات کی جانب سے 419نئی فیکٹریوں کو لائسنس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ان فیکٹریوں کے قیام پر 14 ارب ریال سے زائد کی لاگت آئے گی۔ جن کا تعلق مختلف صنعتی شعبوں سے ہو گا۔ سعودی اخبار کے مطابق ان فیکٹریوں کے باعث 24 ہزار سے زائد افراد کو روزگا رکے مواقع میسر آئیں گے۔

جن فیکٹریوں کو لائسنس جاری کیے گئے ہیں، ان میں سے 67 لائسنس معدنیات کی فیکٹریوں کو جاری ہوئے ہیں، جن کی مجموعی لاگت 948 ملین ریال بتائی گئی ہے۔ جبکہ فوڈ پراڈکٹس تیار کرنے والی فیکٹریوں کو 65 لائسنس جاری ہوئے ہیں۔ باقی کے لائسنس مختلف صنعتی شعبوں کی فیکٹریوں کو جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت معدنیات و صنعت کے مطابق ان فیکٹریوں میں 24 ہزار سے زائد نئے ورکرز بھرتی کیے جائیں گے، جن میں زیادہ تر تارکین وطن ہوں گے، جبکہ سعودیوں کی بھی بھرتی ہو گی۔

وزارت کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ان 419 نئی فیکٹریوں کو لائسنس جاری کرنے کے بعد سے مملکت میں لائسنس یافتہ فیکٹریوں کی مجموعی گنتی 8442 ہو گئی ہے، جن میں کام کرنے والے مقامی اور تارکین وطن ملازمین کی گنتی 6 لاکھ 15 ہزار کے لگ بھگ ہے۔سعودی وزارت توانائی، صنعت و معدنیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں توانائی کے شعبے کو اس وزارت سے الگ کر کے اس کی نئی وزارت تشکیل دے دی گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں