سعودی عرب میں یومِ وطنی کی تمام تقریبات مفت ہوں گی

سعودی عرب کے قومی دِن کے موقع پر 13 ریجنز میں عوام کی تفریح کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 ستمبر 2019 11:36

سعودی عرب میں یومِ وطنی کی تمام تقریبات مفت ہوں گی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16ستمبر 2019ء) سعودی عرب میں 23 ستمبر 2019ء کو یومِ وطنی کی تمام تقریبات مفت ہوں گی۔ سعودی عرب کے قومی دِن کے موقع پر 13 ریجنز میں عوام کی تفریح کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ یہ تقریبات تمام عمر کے افراد کی دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہیں۔ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ عمرو باناجہ نے بتایا کہ اس بار یومِ وطنی کی تمام تقریبات کی ایک ہی تھیم رکھی گئی ہے۔

اس بار کی تھیم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ایک خطاب میں بولے گئے فقرے”چوٹی تک پہنچنے کے لیے ہمت کریں“سے ماخوذہے۔ اس بار یوم الوطنی کی تقریبات محلے کی سطح پر بھی منعقد ہوں گی۔ ریاض ، جدہ اور الخبر میں ایئر شو کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف کانسرٹ بھی منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

19 ستمبر کو الجوف میں ہونے والے کانسرٹ میں معروف کویتی گلوکار نبیل شعیل اور سعودی گلوکار خالد عبدالرحمان عوام کو اپنی جاندار پرفارمنسز سے محظوظ کریں گے۔

20 ستمبر کو تبوک کے امیر سلطان کلچرل سینٹر کے تھیٹر میں کویتی گلوکار عبدالرویشد اور سعودی گلوکار اصیل ابوبکر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے ۔ 21 ستمبر ہفتے کو حائل میں الطائی سٹیڈیم کے تھیٹر ایک کانسرٹ ہو گا۔ جس میں سعودی گلوکار ماجد المہندس،اور سعودی خاتون اداکارہ مبارک حاضرین کو محظوظ کریں گے۔ جبکہ اتوار 22 ستمبر کو جیزان شہر میں سعودی گلوکارمحمد عبدہ اور ترکی العبداللہ اپنے نغموں سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔

22 ستمبر کو بریدہ میں بھی کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی کے تھیٹر میں ایک کانسرٹ ہو گا جس میں سعودی گلوکار راشد الماجد اور اماراتی گلوکارہ بلقیس سعودی عرب کے قومی نغمے پیش کریں گے۔ 23 ستمبربروز پیر اسی مقام پر سعودی گلوکار عبادی الجوہر اور اماراتی گلوکار حسین الجسمی گلوکاری کا مظاہرہ کریں گے۔ دمام شہر میں 23 ستمبر کو الخضر ہال میں ہونے والے کانسرٹ میں کویتی گلوکارہ نوال اور سعودی گلوکار عائض شریک ہوں گے۔ جبکہ جدہ کے الخضراء ہال کے تھیٹر میں سعودی گلوکار رابح صقر اور سعودی گلوکارہ وعدپرفارمنس دیں گے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں