سعودی عرب کا مقبول ترین میلہ” الجنادریہ“ نومبر 2020 میں منعقد ہو گا

یہ ثقافتی میلہ وزارت ثقافت کے زیر اہتمام زیادہ شاندار طریقے سے منایا جا ئے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 اکتوبر 2019 10:53

سعودی عرب کا مقبول ترین میلہ” الجنادریہ“ نومبر 2020 میں منعقد ہو گا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر2019ء) سعودی قومی ورثے اور ثقافت سے متعلق مملکت کا مقبول ترین الجنادریہ میلہ اگلی بار نومبر 2020ء میں منعقد ہو گا۔ سعودی وزارت ثقافت کے ترجمان عبدالکریم الحمید کا کہنا ہے کہ نومبر 2020ء میں اس ثقافتی میلے کے انعقاد کا مقصد سعودی عرب میں G-20 سربراہ اجلاس کے انعقاد کے موقع پر دُنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے لوگوں کے سامنے سعودی ثقافت کو بھرپور انداز سے پیش کرنا اور سیاحت کی نئی راہیں کھولنا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ماضی میں یہ میلہ وزارت نیشنل گارڈز کی نگرانی میں کروایا جاتا تھا تاہم اب اسے وزارت ثقافت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس میلے کا آغاز 1985ء میں ہوا۔ 34 ایڈیشنوں کے بعد اگلی بار اس میلے کا اہتمام نیشنل گارڈز کی وزارت کی بجائے وزارت ثقافت کرے گی۔

(جاری ہے)

وزارت ثقافت نے اس میلے کو شاندار بنانے کے لیے ماہرین اور دانش وروں کے ساتھ ملاقاتوں اور ورک شاپس کے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے تا کہ ویژن 2030 کی روشنی میں مملکت کے الجنادریہ میلے کو بین الاقوامی سیاحوں کے لیے زیادہ سے زیادہ پُرکشش بنایا جا سکے۔

ماضی میں الجنادریہ کامیلہ قومی ورثے اور تاریخ کی عکاسی کرنے کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے اور مقامی اور بین الاقوامی سطح پر لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت ریکارڈ کی گئی۔اس دوران دنیا کے مختلف ممالک کی قیادت، سینئر ذمے داران اور دانش وروں نے الجنادریہ کے میلے میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں