سعودی نوجوان انتہا پسند تنظیموں کے جال میں پھنس کر بغاوت پر تُل گئے

ریاستی سلامتی کے ادارے کی جانب سے اہم وارننگ جاری کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 نومبر 2019 11:01

سعودی نوجوان انتہا پسند تنظیموں کے جال میں پھنس کر بغاوت پر تُل گئے
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4 نومبر 2019ء ) اسلامی ممالک میں انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے نوجوانوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے مختلف حربے آزمائے جا رہے ہیں اور انہیں دہشت گردی کی جانب بھی مائل کیا جا رہا ہے۔ اس بات کا انکشاف سعودی عرب کے ریاستی سلامتی کے ادارے کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ادارے کی جانب سے نوجوانوں کو بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور عوام سے نفرت کرنے والے انتہا پسند عناصر مقامی نوجوانوں کو سعودی حکمرانوں، مملکت اور قوم کے خلاف بھڑکانے کے مذموم ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

کئی نوجوان ان کے چنگل میں پھنس کر باغیانہ روش اختیار کر لیتے ہیں۔ اور دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہونے لگتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ان سعودی مخالف عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

(جاری ہے)

دُشمن عناصر نوجوانوں کو بہکانے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔ انسانیت کے یہ دُشمن مذہب اور حُب الوطنی کی آڑ میں مختلف تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں ، مگر ان کا ایجنڈا کچھ اورہی ہوتا ہے۔

یہ عناصر دینی اقدار اور مُلکی روایات کے حوالے سے مختلف مباحثے اور تقریبات کے دوران نوجوانوں کو مسلح کارروائیوں کی ترغیب دیتے ہیں۔ نوجوانوں کو مذہب کے نام پر بہکا کر ان کے جذبات سے کھیلنا ان انتہا پسندوں کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔قومی سلامتی ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص ، تنظیم یا تحریک کسی بھی عنوان سے نوجوانوں کو اپنے کسی پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دے تو ان پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کیا جائے۔

اور اس بات کی تسلی کر لی جائے کہ ان کا کوئی پوشیدہ انتہا پسندانہ یا سعودی مخالف ایجنڈا تو نہیں ہے۔ اگر سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو انتشار پسندی یا انتہا پسندی کی ترغیب دینے والا کوئی شخص یا ادارہ نظر آئے تو سیکیورٹی اداروں کو ان کی مذموم سرگرمیوں سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ سعودی نوجوانوں کا مستقبل محفوظ اور پُر امن رہ سکے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں