سعودی عرب میں کورونا کی موذی وبا اب چند ہفتوں کی مہمان ہے

مملکت میں کورونا ویکسین کی 2 کروڑ 40 لاکھ خوراکیں لگا دی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 جولائی 2021 16:17

سعودی عرب میں کورونا کی موذی وبا اب چند ہفتوں کی مہمان ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی2021ء) سعودی عرب نے کورونا وبا پر قابو پانے کا بھرپور عزم کر رکھا ہے۔ اسی وجہ سے مملکت میں کورونا کیسز کبھی خطرناک حد تک قابو سے باہر نہیں ہوئے ہیں۔ اس وقت بھی مملکت میں کورونا کے یومیہ کیسز ایک ہزار کے لگ بھگ رپورٹ ہو رہے ہیں۔ تاہم دوسری جانب ویکسی نیشن کا عمل بہت تیزی سے جاری ہے۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کورونا سے پاک ہونے کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کورونا فری سعودی عرب کی منزل قریب آرہی ہے۔

اب تک سعودیہ کی85 فی صدکے قریب آبادی کوویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک لگا دی گئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب لاکھوں افراد ایسے ہیں جنہوں کورونا کی دوسری ویکسین بھی لگا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ ویکسین خوراکیں مقامی اور تارکین وطن کو لگائی گئی ہیں جن میں سے بزرگ افراد کی گنتی 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے۔

وزارت کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر 40 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز ایک لاکھ 71 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ مملکت کو کورونا سے محفوظ بنانے کے لیے 2 کروڑ 40 لاکھ افراد کو ویکسین لگانی ہو گی، اب تک دو کروڑ کے قریب افراد کو ویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک لگائی جا چکی ہے۔ اس وقت زیادہ تر لوگوں کو دوسری خوراک لگانے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔

مملکت میں جتنی بھی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں، وہ سب موثر اور محفوظ ہیں، جن کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہیں۔ ویکسین کی پہلی خوراک ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوگوں کو لگنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ مملکت میں موجود 6 سو کے لگ بھگ ویکسی نیشن سنٹرزکے ذریعے ویکسین خوراک لگا دی گئی ہے۔وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ جن مقامی اور تارکین افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، وہ پہلی فرصت میں رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوائیں اور خود کو محفوظ بنا لیں۔

مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2021ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت مملکت میں کئی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ مملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ویکسین لگوانے کے خواہش مندوں کو توکلنا ایپ پر رجسٹریشن کروانی ہوتی ہے، جس کے بعد انہیں مخصوص سنٹر پر جا کر ویکسین لگوانے کی تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس تاریخ سے پہلے یا بعد میں ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں دوبارہ اپائنٹمنٹ لینا ہوتی ہے۔ رجسٹریشن کا مقصد ویکسی نیشن سنٹرز پر رش سے روکنا ہے تاکہ لوگ اپنے اپنے وقت پر آ کر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ویکسین لگوا کر اس موذی وبا سے محفوظ ہو سکیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں