خروج وعودہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد نئے ویزے پر سعودیہ آنے کے حوالے سے وضاحت جاری

خروج و عودہ پر جا کر وقت مقررہ پر واپس نہ آنے والوں کو ’خرج ولم یعُد‘ کی کیٹگری میں شامل کر دیا جاتا ہے، دوبارہ سعودیہ آنے کیلئے ان کے سابق کفیل نیا ویزہ جاری کریں تو ہی مملکت آسکتے ہیں۔ جوازات

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 اکتوبر 2021 13:26

خروج وعودہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد نئے ویزے پر سعودیہ آنے کے حوالے سے وضاحت جاری
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 12 اکتوبر 2021ء ) خروج وعودہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد نئے ویزے پر سعودیہ آنے کے حوالے سے وضاحت جاری کردی گئی۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ 2 برس قبل خروج و عودہ ویزے پر سعودی عرب سے جانے والا کارکن کیا نئے ویزے پر مملکت آ سکتا ہے؟ اس کے جواب میں جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ایسے تارکین وطن جو خروج و عودہ پر جا کر وقت مقررہ پر واپس نہیں آتے انہیں ’خرج ولم یعُد‘ کی کیٹگری میں شامل کر دیا جاتا ہے ، ’خرج ولم یعد‘ کی اصطلاح ان تارکین وطن کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو خروج و عودہ ویزے پر جا کر واپس نہیں آتے۔

بتایا گیا ہے کہ ایسے تارکین وطن جو خروج و عودہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ان پر مملکت آنے کے لیے 3 برس کی پابندی عائد کی جاتی ہے ، ایسے افراد کے لیے ممنوعہ مدت کے دوران دوبارہ مملکت آنے کی ایک ہی صورت ہے کہ ان کے سابق کفیل یعنی سپانسر ان کے لیے نیا ویزہ جاری کریں بصورت دیگر ایسے افراد دوسرے ورک ویزے پر تین برس کی مقرر کردہ ممنوعہ مدت ختم ہونے کے بعد ہی آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سعودی عرب نے دوسرے ممالک سے مملکت آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ، جس کے تحت ورک ویزہ اور رہائشی پرمٹ رکھنے والے مسافر براہ راست سعودی عرب جاسکیں گے ، سعودی حکومت کی جانب سے سفری اجازت کے حامل ممالک کے مسافروں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے ، اس ضمن میں سعودیہ کی ایوی ایشن اتھارٹی ( گا کا ) نے ایئرلائینز کو مراسلہ جاری کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائنز مسافروں کی منظور شدہ ادارہ قرنطینہ سہولیات میں سے کسی ایک پر تصدیق شدہ بکنگ کا ثبوت یقینی بنائیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر طیارے پر سوار ہونے اور بورڈنگ کارڈ سے قبل کیو آر کارڈ دکھائیں ، تمام ایئرلائنز کے لیے آرائیول پلیٹ فارم پر مسافروں کی رجسٹریشن کی تصدیق ضروری ہے ، ایسے مسافروں کو ادارہ جاتی قرنطینہ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا تاہم اصولوں کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں