حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی آگئی

حوثی باغیوں کی خمیس مشیط پر ایک اور حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی ، بارودی ڈرونز کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اکتوبر 2021 15:15

حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی آگئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2021ء) حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی آگئی ، حوثی باغیوں کی خمیس مشیط پر ایک اور حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی ، بارودی ڈرونز کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق عرب اتحاد نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے 2 ڈرون حملے ناکام بنادیئے ، اس ضمن میں عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ خمیس مشیط کی طرف بھیجے جانے والے بارودی ڈرونز کو راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا ، حوثیوں کی جانب سے شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی تمام تر کوششوں میں باغیوں کو پسپائی کا سمانا کرنا پڑے گا۔

چند روز قبل سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے می 4 افراد زخمی ہوگئے ، ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایئرپورٹ کے بعض حصوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، ترجمان اتحادی افواج نے بتایا ہے کہ رات گئے ابہا ایئر پورٹ پر حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنایا گیا اس دوران باردوی ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا تاہم ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایئرپورٹ کے بعض حصوں میں شیشے ٹوٹ گئے اور عملے سے تعلق رکھنے والے 4 افراد معمولی ہوگئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دو روز پہلے حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ایک بار پھر حملہ ناکام بناتے ہوئے سعودی افواج نے حوثیوں کی جانب سے مملکت کی سمت بھیجا گیا ڈرون طیارہ راستے میں تباہ کردیا تھا ، عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ عوام اور شہری تنصیبات کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سنگین خطرات سے نمٹ رہے ہیں اسی سلسلے میں سعودی دفاعی افواج نے حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کی طرف بھیجا گیا ایک دھماکا خیز ڈرون طیارہ راستے میں ہی تباہ کر دیا۔

اس سے قبل 29 ستمبر کو سعودی عرب میں خمیس مشیط پر حوثیوں کا ایک ڈرون حملہ ناکام بنایا گیا ، حوثیوں کا ڈرون حملہ سعودی ایئر ڈیفنس کی جانب سے منگل کی شب اس وقت ناکام بنایا گیا جب حوثی باغیوں نے خمیس مشیط پر حملے کی کوشش کی ، حوثی باغیوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بارودی ڈرون راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر بھی میزائل حملہ کیا تھا ، مملکت کے دفاعی نظام نے جازان کی جانب داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیا ، حوثی باغیوں کی جانب سے یہ حملہ مملکت کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر کیا گیا تاہم سعودی عرب کے دفاعی نظام کی جانب سے یمن کی حوثی ملیشیاء کا جازان کی طرف داغے جانے والے اس بیلسٹک میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں