سعودی عرب نے وزٹ ویزے پر مملکت آنے والے غیرملکیوں کو خوشخبری سنادی

سعودی وزارت صحت نے وزٹ ویزے پر مملکت میں موجود افراد کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگانے کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اکتوبر 2021 13:21

سعودی عرب نے وزٹ ویزے پر مملکت آنے والے غیرملکیوں کو خوشخبری سنادی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب نے وزٹ ویزے پر مملکت آنے والے غیرملکیوں کو خوشخبری سنادی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے وزٹ ویزے پر مملکت آنے والے غیرملکیوں کے لیے مفت کورونا ویکسی نیشن کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے اعلان سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے کیا گیا ہے جس کے تحت وزٹ ویزے پر مملکت میں موجود افراد کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگائی جائے گی۔

بتایا گیا کہ وزارت صحت نے وزٹ ویزے پرموجود غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے مملکت کے مختلف شہروں میں ویکسی نیشن سینٹرز مخصوص کیے ہیں ، تارکین وطن کے لیے خصوصی رابطہ نمبر بھی جاری ہوا ہے ، ٹول فری نمبر 937 پرکال کرکے ان ویکسی نیشن سینٹرز کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ، مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں ، پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور آج سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں