عرب اتحاد کا حملہ ، حوثی باغیوں کا مواصلاتی نظام اور اسلحہ ڈپو تباہ

مواصلاتی نظام کو سرحد پار سے سعودیہ پر ڈرون حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ترجمان عرب اتحاد

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 دسمبر 2021 10:20

عرب اتحاد کا حملہ ، حوثی باغیوں کا مواصلاتی نظام اور اسلحہ ڈپو تباہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2021ء ) عرب اتحاد کے حملے میں حوثی باغیوں کا مواصلاتی نظام اور اسلحہ ڈپو تباہ ہوگیا ، مواصلاتی نظام کو سرحد پار سے سعودیہ پر ڈرون حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا ۔ عرب نیوز کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے راتوں رات حوثی اہداف کے خلاف حملوں کا ایک بڑا سلسلہ شروع کیا گیا ، جس سے البانی ضلع میں ایک مواصلاتی نظام اور صنعا میں ہتھیاروں کا ایک ڈپو تباہ ہو گیا ، اس حوالے سے ترجمان عرب اتحاد نے کہا کہ تباہ کیے گئے مواصلاتی نظام کو سرحد پار سے ڈرون حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں حوثیوں اور اتحاد کے درمیان جھڑپوں میں شدت آئی ہے، خاص طور پر ماریب میں جہاں اس نے حوثی میزائل دفاعی نظام کو تباہ کر دیا ، اتحادی افواج نے یمن کی فضائی حدود میں 2 ڈرونز کو بھی روک کر تباہ کیا ، جن میں سے ایک کو صنعا کے ہوائی اڈے سے لانچ کیا گیا اور وہاں سے اس کی نگرانی بھی کی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

اسی طرح بدھ کے روزاتحادی افواج نے ماریب میں حوثی ملیشیا کے خلاف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 کارروائیاں کیں ، اس آپریشن کے دوران 95 عسکریت پسند مارے گئے اور 11 حوثی فوجی گاڑیاں تباہ کر دی گئیں ، عرب اتحاد نے کہا ہے کہ یمن کے گورنریٹ مارب میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے خلاف حملوں میں مزید 95 حوثی ہلاک اور 11 فوجی گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔

ترجمان عرب اتحاد نے کہا کہ چوبیس گھنٹے کے دوران مارب میں حوثیوں کےعسکری اہداف اور ٹھکانوں پر 16 فضائی حملے کیے گئے ہیں ، اس دوران یمن کی فضائی حدود میں دو ڈرونز کو بھی راستے میں روک کر تباہ کیا گیا۔                          

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں