نوکری کے بہانے ناجائز تعلقات کیلئے خواتین کو بلیک میل کرنے والا سعودی شہری پکڑا گیا

جعلساز نے خواتین کا ذاتی ڈیٹا اور تصاویر حاصل کرکے اسے اپنے موبائل فون میں محفوظ کر لیا اور برے ارادوں سے ان خواتین کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 5 اگست 2022 14:27

نوکری کے بہانے ناجائز تعلقات کیلئے خواتین کو بلیک میل کرنے والا سعودی شہری پکڑا گیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2022ء ) سعودی عرب میں نوکری کے بہانے ناجائز تعلقات کیلئے خواتین کو بلیک میل کرنے والا سعودی شہری پکڑا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ایک سعودی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر متعدد خواتین کو بلیک میل کرنے کا الزام ہے، اس حوالے سے پبلک پراسیکیوشن کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ بلیک میلر کے خلاف عوامی مقدمہ دائر کیا گیا تھا اور اس کے خلاف مقدمے کی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پبلک پراسیکیوشن آفس کی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ شہری متعدد خواتین کو نوکری کا جھانسہ دینے میں کامیاب ہوا، اس مقصد کے لیے اس شخص نے خواتین کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ جھوٹا وعدہ کیا کہ وہ انہیں نوکری لے کر دے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ شاطر جعلساز خواتین کی سرکاری دستاویزات اور قومی شناختی کارڈز کی کاپیوں کے علاوہ ان کا ذاتی ڈیٹا اور تصاویر حاصل کرنے میں کامیاب رہا ، جس کو اس نے اپنے موبائل فون میں محفوظ کر لیا اور برے ارادوں سے ان خواتین کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن نے عدالت سے اس شخص کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے، اس کے ساتھ پبلک پراسیکیوشن کے ذرائع نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں بڑے جرائم میں سے ہیں، جن کے مرتکب افراد کو تعزیری اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ذرائع نے ہر ایک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی اسناد اور ڈیٹا کی حفاظت کریں اور سوائے سرکاری حکام یا اس سلسلے میں منظور شدہ چینلز کے اسے کسی کو ظاہر نہ کریں، پبلک پراسیکیوشن اپنی تمام کاوشوں میں دھوکہ دہی کا مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور جو بھی لوگوں کا استحصال کرنے اور ان کے ذاتی ڈیٹا کو نقصان پہنچانے یا بلیک میل کرنے کی نیت سے حاصل کرنے کے لیے لالچ دے گا، اسے عدالت کے حوالے کیا جائے گا تاکہ اس کے خلاف سخت سزاؤں کا اطلاق کیا جا سکے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں