متحدہ عرب امارات میں حزب اللہ کے 4 ارکان کوعمر قید کی سزا ہو گئی

ان افراد پر مملکت میں انتشار پھیلانے اور دہشت گردی کے منصوبے بنانے کا الزام تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 مئی 2019 10:48

متحدہ عرب امارات میں حزب اللہ کے 4 ارکان کوعمر قید کی سزا ہو گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16 مئی 2019ء) ابو ظہبی کی اعلیٰ عدالت نے چار عرب باشندوں کو لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ سے روابط کے الزام میں عمر قید کی سزا سُنا دی گئی۔ ملزمان کو زیریں عدالتوں نے عمر قید کی سزا سُنائی تھی جس کے خلاف ملزمان نے ابو ظہبی کی فیڈرل اپیل کورٹ میں اپیل دائر کی تھی تاہم عدالت نے ان کی سزا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سُنایا۔

سٹیٹ سیکیورٹی پراسیکیوشن کی جانب سے ان چاروں ملزمان پر مملکت کے اہم اداروں کے خلاف انتشار پر مبنی پراپیگنڈہ کرنے اور دہشت گردی کے منصوبے بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ الزامات کے ثابت ہونے پر عدالت نے ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ان چاروں ملزمان کو دس دس سال قید کی سزا سُنائی جبکہ سزا کی مُدت پُوری ہونے کے بعد انہیں امارات سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عدالت کے حکم پر ان چاروں کے زیر استعمال کمیونیکیشن ڈیوائسز اور کمپیوٹرز بھی ضبط کرنے کا حکم سُنایا گیا۔ جبکہ مقدمے کی کارروائی پر اُٹھنے والے تمام قانونی اخراجات بھی ملزمان ہی ادا کریں گے۔ عدالت نے ایک ملزم کو بغیر لائسنس ایئر رائفل رکھنے کی الزام میں 3 ہزار درہم کا جرمانہ کیا جبکہ باقی پانچ عرب باشندوں کو الزامات سے بری کر دیا۔ وفاقی سیکیورٹی پراسیکیوشن کی جانب سے حزب اللہ سے روابط کے الزام میں مجموعی طور پر 11 افراد پر فردِ جُرم عائد کی گئی تھی۔ جن پر دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز رکھنے کے علاوہ مملکت میں جلاﺅ گھیراﺅ اور دہشت گردی کے منصوبے بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں