متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی 11اگست کو ہونے کا واضح امکان ہے

بین الاقوامی خلابازی کے ادارے کے مطابق یکم ذی الحجہ کا چاند یکم اگست 2019ء کو طلوع ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جولائی 2019 12:48

متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی 11اگست کو ہونے کا واضح امکان ہے
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 4 جُولائی 2019ء) دُنیا بھر کے مسلمان رواں سال عید الفطر کی خوشیاں منا چکے ہیں اور اب اُن کی نظریں عید الاضحی کے تہوار پر جمی ہوئی ہیں جب وہ اپنے گھروں میں گائے، دُنبے، بکرے اور اُونٹ وغیرہ کے گوشت سے تیار کردہ پکوان سے ہاتھ صاف کریں گے اور اپنے مہمانوں کی بھی تواضع کریں گے۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل آسٹرونامیکل سنٹر (IAC) کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ رواں سال عید الاضحی 11 اگست 2019ء کو منائی جائے گی۔

جبکہ ذی الحجہ کی پہلی تاریخ کا چاند یکم اگست کو دکھائی دینے کا امکان ہے۔ابوظہبی میں واقع IACکے ڈائریکٹر انجینئر محمد شوکت نے واضح کیا کہ اس بار ذوالحجہ کے ہلال کی رویت کے حوالے سے کوئی تنازع کھڑا نہیں ہو گا۔ کیونکہ یکم اگست کو بیشتر عربی اور اسلامی ممالک میں ذو الحجہ کی پہلی تاریخ کا چاند انسانی آنکھ اور دُور بین کی مدد سے آسانی سے دکھائی دے جائے گا۔

(جاری ہے)

پہلی ذوالحجہ کا چاند غروبِ آفتاب کے بعد28 منٹ تک دکھائی دے سکے گا۔ بیشتر ممالک میں عید الاضحی کی تاریخ کا فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے پہلی ذی الحجہ کے ہلال کا اعلان ہونے سے مشروط ہو گا۔ کیونکہ یہ ممالک سعودی عرب کے ساتھ ہی عید مناتے ہیں۔ گزشتہ سال ذوالحجہ کا چاند 12 اگست کو نظر آیا تھا اور عید الاضحی 21 اگست کو منائی گئی تھی۔10 اگست 2019ء کو یومِ عرفات کے موقع پر بھی امارات بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ جبکہ 11 اگست سے 13 اگست تک سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین عید کی چھُٹیاں منائیں گے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں