ابوظہبی میں مقیم کینیڈین خاتون نے ایک اور خاتون کو خود کُشی کرنے سے بچا لیا

کینیڈین خاتون نے ایک خاتون کو پُل پر خود کُشی کے لیے تیار دیکھا تو سمجھداری سے اس کی زندگی بچا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 ستمبر 2019 13:42

ابوظہبی میں مقیم کینیڈین خاتون نے ایک اور خاتون کو خود کُشی کرنے سے بچا لیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16ستمبر 2019ء) ابوظہبی میں سوشل میڈیا پر ایک غیر مُلکی خاتون کا بہت زیادہ چرچا ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے خود کُشی کرنے کو تیار ایک خاتون کو مرنے سے بچا لیا۔ کینیڈین خاتون کی سمجھداری کے باعث حالات سے پریشان خاتون نے خود کُشی کا ارادہ ترک کر دیا۔ ابو ظہبی پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ کینیڈین خاتون ایک پُل پر سے گزر رہی تھی تو اچانک اُسے پُل کی ریلنگ پر ایک خاتون چڑھی نظر آئی، اس پریشان پریشان حالت میں کھڑی خاتون کو دیکھ کر یہ واضح ہو گیا تھا کہ وہ بس چند ہی لمحوں میں پُل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے ہی والی ہے۔

یہ منظر دیکھ کر کینیڈین خاتون نے فوری طور پر فیصلہ کیا کہ وہ اس خاتون کو مرنے نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

کینیڈین خاتون فوری طور پر اس خاتون کے پاس گئی جو چند ہی لمحوں میں موت کو گلے لگانے کے لیے تیار تھی۔ کینیڈین خاتون نے پریشان عورت سے بات چیت کی اور اسے پوچھا کہ وہ کیا کرنا چاہتی ہے۔ خود کُشی پر آمادہ عورت نے اسے کچھ بتایا تو جواب میں کینیڈین خاتون نے اسے حوصلہ دیا اور خود کشی کے بھیانک فیصلے سے باز رہنے کو کہا۔

تھوڑی دیر کی بحث کے بعد حالات سے پریشان عورت نے اپنا فیصلہ ترک کر دیا اور ریلنگ سے نیچے اُتر آئی۔ اسکے بعد خاتون نے پولیس کو کال کر کے سارے معاملے سے آگاہ کر دیا۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ عہدے دار بریگیڈیئر جنرل محمد سُہیل الراشدی نے کینیڈین خاتون کی حاضر دماغی اور انسان پرستی اور پولیس کو اس معاملے سے آگاہ کرنے پر اس کی بہت زیادہ تعریف کی ہے۔ اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کی صورتِ حال میں دیگر لوگ بھی اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کر کے کسی انسانی جان کو ضائع ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں