متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے دو اور چینی مریض صحت یاب ہو گئے

موذی مرض کا مقابلہ کر کے زندگی کی طرف لوٹنے والے باپ اور بیٹا ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 فروری 2020 12:56

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے دو اور چینی مریض صحت یاب ہو گئے
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15فروری 2020ء) اس وقت دُنیا بھر پر کرونا وائرس کا خوف بھُوت بن کر منڈلا رہا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس میں ہلاکتوں کی تعداد1500 سے زائد ہو گئی ہے اور 60 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ دو درجن سے زائد ممالک میں بھی کرونا وائرس کے مریض پہنچ چکے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں بھی کرونا وائرس کے اب تک آٹھ مریض سامنے آ چکے ہیں۔

جس کی وجہ سے اماراتی عوام بہت تشویش میں مبتلا ہیں۔ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ تمام مریض آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ امارات میں کرونا وائرس کے زیر علاج مزید دو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔ دونوں خوش نصیب مریضوں کا تعلق چین سے ہے اور دونوں باپ بیٹا ہیں۔

(جاری ہے)

والد کی عمر 41 سال جبکہ بیٹے کی عمر 8سال ہے۔

اس طرح کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی اس بات کا ثبوت ہے کہ امارات کے ہسپتالوں میں بہترین اور جدید علاج و معالجے کی سہولیات دستیاب ہیں۔ امارات کا طبی نظام متعدی بیماریوں سے بھی نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ امارات میں مقیم مقامی اور تارکین وطن کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے بھی صحت یاب ہونے والے دونوں باپ بیٹا سے ہسپتال میں جا کر ملاقات کی۔ چینی باشندے لی یُوانگ نے اماراتی حکومت کی جانب سے اُس کی اور اس کے بیٹے کی جان بچانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یہاں کی لیڈر شپ کو مثالی قرار دیا۔ اور ڈاکٹرز کی قابلیت اور علاج میں بھرپور توجہ پر بھی اُن کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ ان دونوں چینی باشندوں کا علاج کرنے والی خاتون ڈاکٹر فاطمہ العطار کا کہنا تھا کہ ہماری کوششیں رنگ لائیں اور ہم ان دونوں چینی باشندوں کی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔

جو امارات کی جانب سے کرونا وائرس سے متاثرہ چینی عوام سے یکجہتی کا ایک اظہار بھی ہے۔ چند روز قبل وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس سے متاثرہ ایک چینی مریضہ مکمل طور پر تندرست ہو گئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق وائرس سے صحت یاب ہونے والی مریضہ چین سے تعلق رکھتی ہے۔ اسے گذشتہ ماہ کے آخر میں اس مرض میں مبتلا قرار دیا گیا اور امارات میں اس کا علاج کیا جا رہا تھا۔

صحت یاب ہونے والی چینی خاتون شہری لیو یوجیا نے امارات کی طرف سے علاج میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔لیو یوجیا کا کہنا تھا کہ امارات نے اسے اور اس کے خاندان کے دیگر تمام افراد کو جو سہولتیں فراہم کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں پر مقیم ہر شخص یہاں کی حکومت کی سہولتوں اور مہربانیوں فائدہ اُٹھا رہا ہے۔جبکہ امارات میں چین کے قونصل جنرل لی ژیونگ نے بھی کوروناوائرس سے متاثرہ چینی شہری کے علاج میں ہرممکن مدد اور سہولت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

چینی خاتون شہری کا علاج کرنے والے اماراتی ڈاکٹر حسین عبد الرحمٰن الرند نے کہا کہ چینی خاتون کے میڈیکل ٹیسٹوں سے یہ واضح ہو رہاہے کہ ان میں کورونا وائرس کا کوئی اثر باقی نہیں رہا ہے۔کرونا وائر س کے مزید پانچ متاثرین کا علاج جاری ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں