ابو ظہبی ایئر پورٹ کا ٹرمینل نمبر 2 بند کر دیا گیا

ٹرمینل نمبر 2 کی تمام پروازیں اب ٹرمینل نمبر 1 پر اُتریں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 مارچ 2020 16:18

ابو ظہبی ایئر پورٹ کا ٹرمینل نمبر 2 بند کر دیا گیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مارچ 2020ء) ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ٹرمینل نمبر 2 مسافروں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ابو ظہبی ایئرپورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ٹرمینل نمبر 2 کو تمام آپریشنز کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے ، اور یہاں سے منسلک تمام پروازیں اب ٹرمینل 1 پر اُتریں گی۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق ٹرمینل نمبر 2 کی عارضی بندش ضروری مرمتی کام کی وجہ سے کی گئی ہے۔

حکام کی جانب سے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ ٹرمینل 2 کی عارضی بندش کے دوران تمام پروازیں ٹرمینل 1 پر آئیں گی۔ ٹرمینل 2 کے توسیعی و تعمیری کام کے بعد اسے مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا جس کے بعد اس ٹرمینل سے لوگوں کو زیادہ بہتر سہولیات میسر آ سکیں گی۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کررہی تھیں کہ دبئی کے دونوں ائیرپورٹس بند کردیے گئے ہیں اور دونوں ائیرپورٹس کو تمام پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا ہے، لیکن اب ان خبروں کی تردید ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دبئی ائیرپورٹس انتظامیہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ ائیرپورٹس کو تمام پروازوں کیلئے بند کرنے افواہیں غلط ہیں، دونوں ائیرپورٹس کام کر رہے ہیں۔ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ "ہم اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات آنے اور جانے والی تمام پروازوں کی معطلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلی افواہیں جھوٹی ہیں۔ دونوں ائیرپورٹس تمام ممالک کے مسافروں کو خوش آمدید کہتے ہیں"۔

اس سے قبل یہ افواہ بھی آئی تھی کہ امیریٹس آئیرلائن نے پروازیں بند کر دی یں لیکن ائیرلائن کی جانب سے بھی ان افواہوں کی تردید کی گئی تھی۔دوسری جانب متحدہ عرب امارت میں کورونا وائرس کے پھیلاوٴ سے بچنے کیلئے تمام سینما گھر، پارکس اور جم بند کر دیے گئے ہیں۔ صحت عامہ کی حفاظت کے لئے جاری کوششوں کے سلسلے میں متحدہ عرب امارت کے محکمہ اقتصادی ترقی نے تمام سینما گھروں ، تھیم پارکس، تفریحی اور الیکٹرانک گیم سنٹروں ، باڈی بلڈنگ اور فٹنس جموں اور دبئی میں لائسنس یافتہ موسم بہار کیمپوں کو مارچ کے آخر تک اپنی تمام سرگرمیوں اور خدمات کو روکنے کی ہدایت کی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں