متحدہ عرب امارات میں 4 ماہ بعد سب سے کم یومیہ کرونا کیسز رپورٹ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 164 افراد میں مہلک وبا کی تشخیص ہوئی، 90 فیصد سے زائد، 54863 مریض صحت یاب ہوچکے

muhammad ali محمد علی پیر 3 اگست 2020 23:07

متحدہ عرب امارات میں 4 ماہ بعد سب سے کم یومیہ کرونا کیسز رپورٹ
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات میں 4 ماہ بعد سب سے کم یومیہ کرونا کیسز رپورٹ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 164 افراد میں مہلک وبا کی تشخیص ہوئی، 90 فیصد سے زائد، 54863 مریض صحت یاب ہوچکے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات عالمی سطح پر ان چند ممالک میں شامل ہے جس نے جارحانہ اور بہترین حکمت عملی سے کرونا وائرس کے پھیلاو کو کنٹرول کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ بہترین اور موثر اقدامات کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں پیر کے روز اپریل کے بعد پہلی مرتبہ کم ترین یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات آج بروز پیر مسلسل تیسرا روز تھا جب کرونا وائرس میں مبتلا کسی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔ اماراتی محکمہ صحت کی جانب سے مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 27811 ٹیسٹ کیے جس کے بعد 4 ماہ کے دوران سب سے کم یومیہ کیسز، 164 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 61163 ہوگئی، تاہم خوشخبری یہ ہے کہ امارات میں اب کرونا وائس کے 90 فیصد سے زائد، 54863 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جبکہ امارات میں اب تک صرف 351 کرونا مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 50 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ اس حوالے سے اماراتی وزیرصحت عبدالرحمان الاویس کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت کی کاوشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر کرونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اسی وجہ سے ہی مملکت میں کرونا وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی۔ تاہم اگر لوگوں نے احتیاط نہ کی اور جاری ہدایات پر عمل سے گریز کیا تو معاملات خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔   

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں