اماراتی حکومت کی جانب سے اسرائیلی شہر تل ابیب میں ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کی شاخ کھولنے کا اعلان

پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات سے باہر کسی ملک میں اس ادارے کی کوئی شاخ کھولی جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 ستمبر 2020 01:21

اماراتی حکومت کی جانب سے اسرائیلی شہر تل ابیب میں ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کی شاخ کھولنے کا اعلان
تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) اماراتی حکومت کی جانب سے اسرائیلی شہر تل ابیب میں ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کی شاخ کھولنے کا اعلان، پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات سے باہر کسی ملک میں اس ادارے کی کوئی شاخ کھولی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کا نیٹ ورک بیرون ملک تک پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے بدھ کے روز ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کا نیٹ ورک بیرون ملک پھیلانے کیلئے تل ابیب کو سب سے پہلی منزل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ بیرون ملک ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کی پہلی شاخ اسرائیل کے اہم ترین شہر تل ابیب میں قائم کی جائے گی۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گزشتہ روز امن معاہدے پر ہوئے دستخط کے بعد یہ پیش رفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ 2 ہفتے قبل بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے تجارتی وفود کے درمیان ہوئی ملاقات میں بھی تجارتی تعاون کے حوالے سے اتفاق طے پایا تھا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ماہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دونوں ممالک کے سیاحوں کو آمد و رفت کی اجازت ہوگی، سرمایہ کار ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں بھی چلیں گی۔ اماراتی حکام کا موقف ہے کہ امن معاہدے کی بدولت اسرائیل کو فلسطین کی مزید زمین پر مزید قبضے سے روکا جا سکے گا۔ جبکہ خطے میں امن کے قیام کیلئے دو ریاستی حل کے مطالبے پر آج بھی قائم ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں