ابوظبی آنے والے بین الاقوامی مسافروں پر نئی سفری شرائط عائد ہو گئیں

ایسے مسافر جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہے انہیں بھی پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کے مراحل سے گزرنا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 مئی 2021 15:59

ابوظبی آنے والے بین الاقوامی مسافروں پر نئی سفری شرائط عائد ہو گئیں
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 مئی2021ء) دُنیا بھر میں کورونا وائرس کی نت نئی اقسام سامنے آ رہی ہیں جن میں افریقی وائرس اور برازیلی وائرس انتہائی مہلک ثابت ہو رہے ہیں۔ اگرچہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وبا پر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ اب یومیہ کیسز 2 ہزار کے ہندسے سے نیچے آ چکے ہیں جس کی بڑی وجہ ایک کروڑ سے زائد ویکسین خوراکیں لگایا جانا ہے۔

تاہم احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے۔ ابوظبی حکومت نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ سے متعلق شرائط میں بڑی تبدیلی کر لی ہے جس کے تحت ویکسین لگوا چکے مسافروں کو بھی پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔ پاکستانی مسافر بھی ان پابندیوں کی زد میں آ گئے ہیں۔ان نئی شرائط کا اطلاق آج 3 مئی سوموار سے ہوگا۔

(جاری ہے)

ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹیکے مطابق وہ بین الاقوامی مسافر جو سفر سے پہلے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگا چکے ہیں ، انہیں بھی ابوظبی پہنچتے ساتھ ہی پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گا اور پانچ روزہ قرنطینہ کی شرط بھی پوری کرنا ہو گی۔ جبکہ قیام کے چوتھے روز بھی انہیں ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کروا نا پڑے گا۔ یہ نئی شرائط دیگر ممالک سے آنے والے ان تمام اماراتی اور ویزہ ہولڈرز پر لاگو ہو گی، جنہیں کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوائے کم از کم 28روز گزر چکے ہوں گے۔

جبکہ جن اماراتی شہریوں اور رہائشی ویزہ ہولڈرز ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ہے، انہیں ابوظبی واپسی پر فوراً پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا ، اور پھر 10 روز قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔ اس کے علاوہ آٹھویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔ دوسری جانب ’گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے اماراتی شہری اور رہائشی ویزہ ہولڈرز جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہے، ان کا بھی ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ ہو گا اور پھر چھٹے روز بھی یہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔

تاہم انہیں قرنطینہ کی پابندی سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ جبکہ گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے وہ اماراتی اور ویزہ ہولڈرز مسافر جنہوں نے سفر سے پہلے کبھی ویکسین نہیں لگوائی ہے ۔ انہیں بھی پہنچتے ساتھ ہی پی سی آر ٹیسٹ کرواناپڑے گا ، پھر اس کے بعد قیام کے چھٹے اور بارہویں دن بھی پی سی آر ٹیسٹس کروانے لازمی ہوں گے۔ تاہم ان پر قرنطینہ میں رہنے کی شرط ان پر عائد نہیں ہو گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں