ابوظبی نے گرین پاس کی شرط عارضی طور پر معطل کر دی

الحوسن ایپ کی سروسز میں تکنیکی خرابی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، سروسز کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جون 2021 15:36

ابوظبی نے گرین پاس کی شرط عارضی طور پر معطل کر دی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جون2021ء ) ابوظبی کی حکومت نے 15 جون کو ریاست بھر میں پبلک مقامات پر داخلے کے لیے الحوسن ایپ پر گرین پاس دکھانے کی شرط عائد کی تھی۔ اس اعلان کے مطابق تارکین وطن اور مقامی افراد پر پابندی عائد کی گئی تھی کہ عوامی، تفریحی اور ساحلی مقامات پر انہی افراد کا داخلہ ہو گا جو الحوسن ایپ پر گرین پاس دکھائیں گے، جنً افراد کو گرین پاس جاری نہیں ہوا ہو گا، انہیں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تاہم اس کڑی پابندی کو تین روز بعد ہی تکنیکی خرابی کی وجہ سے معطل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ الحوسن ایپ پر گرین پاس کی شرط عائد ہونے کے بعدصارفین کو کچھ تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کی وجہ سے اس پابندی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران لوگ عوامی مقامات پر گرین پاس کے بغیر بھی داخل ہو سکیں گے۔

دوسری جانب الحوسن ایپ کی ٹیم کی جانب سے سروسز کی بحالی کے لیے کوششیں جا رہی ہیں۔ کمیٹی نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پیغام دیا ہے کہ جن مقامات پر گرین پاس کے بغیر لوگوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیاہے، یہ پابندی عارضی طور پر ختم کر دی گئی ہے۔جب تک الحوسن پر گرین پاس کی سروس معطل ہے، گرین پاس نہ رکھنے والے ان مقامات پر جا سکیں گے۔ الحوسن ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد گرین پاس کی پابندی پھر سے لاگو ہو جائے گی۔

جن افراد کو ابوظبی میں داخلے کے لیے الحوسن ایپ کا اسٹیٹس دکھانا ہوتا ہے، اگر انہیں تکنیکی خرابی کا سامنا ہے تو وہ پی سی آر کے ٹیسٹ کی رپورٹ والا ٹیکسٹ میسج دکھا کر ریاست میں داخل ہو سکیں گے۔ فی الحال گرین پاس معطل رہے گا۔ واضح رہے کہ ابوظبی کی حکومت نے 15 جون سے گرین پاس کی پابندی لگا دی تھی جس کے مطابق اب صرف وہی لوگ شاپنگ مالز، سپر مارکیٹس، پبلک پارکس، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، سوئمنگ پولز، سینما گھروں، ساحلی مقامات،عوامی و نجی ساحلی مقامات، میوزیمز اور کیفیز میں صرف انہی لوگوں کو داخلے کی اجازت ملے گی جن کا الحوسن ایپ پر گرین پاس کا اسٹیٹس ظاہر ہوگا۔

جن لوگوں کا گرین پاس کا اسٹیٹس دکھائی نہیں دے گا انہیں ان تمام مقامات پر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں 16 سال اور اس سے زائد عمر کے لوگوں پر لاگو ہوں گی۔ الحوسن ایپ پر کسی شخص کے ویکسی نیشن کا ریکارڈ اور پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی تاریخ کے حساب سے ہی گرین پاس ظاہر ہوا کرے گا۔ یعنی یہ گرین پاس کسی فرد کے ویکسی نیشن سٹیٹس اور پی سی آر ٹیسٹ کے کارآمد ہونے کی مُدت کو ظاہر کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں