ابوظہبی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان

اماراتی ریاست میں 19 جولائی سے رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعہ 16 جولائی 2021 00:41

ابوظہبی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جولائی2021ء) ابوظہبی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کی آمد پر ریاست میں رات کے وقت کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس میں بتایا گیا ہے کہ 19 جولائی سے اسٹیریلائزیشن مہم کے دوبارہ سے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسٹیریلائزیشن مہم روزانہ رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک چلائی جائے گی، اس دوران پورے ابوظہبی میں کرفیو نافذ ہو گا۔ شہریوں کو رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف خوراک کے حصول یا میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی، جبکہ کرفیو کے اوقات کے دوران خصوصی نقل و حرکت کیلئے باقاعدہ موومنٹ پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 20 جولائی کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کورونا متاثرین کی تعداد 6 لاکھ 54 ہزار 813 ہوگئی ہے۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید 2 لاکھ 86 ہزار 676 ٹیسٹ کیے گئے، پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران زیرعلاج مریضوں میں سے مزید 4 مریض چل بسے، یوں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 880 ہوگئی ہے۔

جبکہ متاثرہ مریضوں میں سے مزید ایک ہزار 481 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ صحتیاب ہونے والووں کی تعداد بڑھ کر 6 لاکھ 32 ہزار 775 ہوگئی ہے۔ اماراتی وزارت صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں اب تک ایک کروڑ 61 لاکھ 20 ہزار 4 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں