ابوظہبی نے پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت میں بڑا ریلیف دے دیا

دارالحکومت میں پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت میں 10 درہم کمی کردی گئی‘ ٹیسٹ کروانے کیلئے رہائشیوں کو اب امارات میں 40 درہم ادا کرنا ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 مارچ 2022 13:02

ابوظہبی نے پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت میں بڑا ریلیف دے دیا
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ یکم مارچ 2022ء ) ابوظہبی نے پی سی آر ٹیسٹ کی لاگت کو اپ ڈیٹ کردیا ، فیصلے کا اطلاق آج یکم مارچ سے ہوگا ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کے محکمہ صحت نے دارالحکومت میں پی سی آر ٹیسٹ کی لاگت کو اپ ڈیٹ کیا ہے ، جس کے تحت دارالحکومت میں پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت میں 10 درہم کمی کردی گئی ہے جس کے بعد اب پی سی آر ٹیسٹ کروانے کے لیے رہائشیوں کو اب امارات میں تمام طبی سہولیات پر 40 درہم ادا کرنا ہوں گے ، اس سے پہلے دارالحکومت میں پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی قیمت 50 درہم تھی۔

بتایا گیا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی لاگت میں کمی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) کی جانب سے شہر کے رہائشیوں ، سرکاری ملازمین اور سیاحوں کے لیے کووِڈ 19 کے متعدد ضوابط کو اپ ڈیٹ کرنے کے دو دن بعد سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

ابوظہبی کے سرحدی قوانین کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد امارت داخل ہونے والوں کو اب الحوسن گرین پاس دکھانے کی بھی مزید ضرورت نہیں ہے ، ابوظہبی کی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے کہا ہے کہ مسافروں کو اب وہ ایپ نہیں دکھانی پڑے گی جو کسی شخص کی کووِڈ 19 ویکسی نیشن کی حیثیت کا ثبوت فراہم کرتی ہے، ساتھ ہی ان کے حالیہ پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج بھی ظاہر کرتی ہے جب کہ لوگوں کے درجہ حرارت کی پیمائش کرنے والے EDE اسکینرز کو بھی چوکیوں سے ہٹا دیا گیا جو کہ اومی کرون لہر کے آغاز پر دسمبر کے آخر میں متعارف کرائے گئے تھے ، انہیں وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے بنائے گئے کئی دیگر اقدامات کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے وبائی مرض کے بحالی کے مرحلے میں جانے کے بعد ہٹا دیا گیا۔

جمعہ کو اعلان کردہ دیگر تبدیلیوں میں کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی ضرورت کو ہٹانا اور قریبی رابطوں کے لیے قرنطینہ کا خاتمہ شامل ہے تاہم ابوظہبی کی سرکاری عمارتوں میں ملازمین ، زائرین اور دیگر افراد کے لیے گرین پاس کی ضرورت ہے ، حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے ملازمین کو بغیر استثنیٰ کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ عوامی مقامات جیسے شاپنگ مالز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اب بھی گرین پاس سسٹم کی ضرورت ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں