ایمریٹس آئی ڈی کی تجدید سے متعلق قوانین میں تبدیلی

3 مخصوص کیٹگریز کے افراد کو کارڈ کی تجدید میں تاخیر پر جرمانے سے استثنیٰ دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 جنوری 2024 13:00

ایمریٹس آئی ڈی کی تجدید سے متعلق قوانین میں تبدیلی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے ایمریٹس آئی ڈی کی تجدید سے متعلق قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے 3 مخصوص کیٹگریز کے افراد کو تجدید میں تاخیر پر جرمانے سے استثنیٰ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی (ICP) نے ایمریٹس آئی ڈی کی دیر سے تجدید پر جرمانے سے مستثنیٰ زمروں کی وضاحت کی ہے، میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے 30 دنوں کے اندر کارڈ کی تجدید یا اپ ڈیٹ کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں 20 درہم یومیہ تک جرمانہ ہو سکتا ہے جو زیادہ سے زیادہ ایک ہزار درہم تک جا سکتا ہے، تاہم اماراتی اور غیر ملکی مخصوص حالات میں جرمانے سے استثنیٰ کی درخواست دے سکتے ہیں، ICP نے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بتایا ہے کہ درج ذیل 3 زمرے ایسے ہیں جنہیں ایمریٹس آئی ڈی کی تجدید میں تاخیر کی صورت میں جرمانے سے استثنیٰ حاصل ہے؛
(1) ایسا فرد جس نے متحدہ عرب امارات چھوڑ دیا اور 3 ماہ سے زیادہ ملک سے باہر گزارے، اور اس کے کارڈ کی میعاد ان کی ملک سے روانگی کی تاریخ کے بعد ختم ہو گئی۔

(جاری ہے)

(2) ایسا شخص جس کے کارڈ کی میعاد انتظامی فیصلے یا عدالتی حکم کے ذریعے ملک بدر ہونے کے بعد ختم ہوئی ہو یا جس کا پاسپورٹ زیر التوا مقدمات کے باعث ضبط کر لیا گیا ہو، بشرطیکہ یہ مجاز حکام کے جاری کردہ خط یا رسید سے ثابت ہو، جس نے اسے ملک بدر کر دیا یا مقدمات کو زیر التوا رکھا۔
(3) کوئی ایسا فرد بھی جرمانے سے استثنیٰ کی درخواست دے سکتا ہے جسے متحدہ عرب امارات کی شہریت اور فیملی بک حاصل کرنے سے پہلے کی مدت تک کارڈ جاری نہ کیا گیا ہو۔

بتایا گیا ہے کہ ایمریٹس آئی ڈی کی تجدید میں تاخیر پر جرمانے سے استثنیٰ کی درخواست دینے کی کوئی فیس نہیں ہے، استثنیٰ کی درخواست کے لیے اہل افراد کو کارڈ کی تجدید کے لیے منظور شدہ پرنٹنگ دفاتر میں سے کسی ایک کے ذریعے الیکٹرانک طور پر ICP ویب سائٹ کے ذریعے یا سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے اس عمل کا آغاز کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ ایمریٹس آئی ڈی حاصل کرنا متحدہ عرب امارات کے تمام باشندوں بشمول اماراتیوں، خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے شہریوں اور متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے لازمی ہے، ان میں سے کسی ایک زمرے میں شامل کسی بھی فرد کو ICP سے کارڈ کے لیے درخواست دینی اور اس کی میعاد ختم ہونے پر اس کی تجدید کروانی ہوگی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں