متحدہ عرب امارات نے انکم ٹیکس سے متعلق وضاحت جاری کردی

افراد پر انکم ٹیکس متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ وزارت خزانہ کے عہدیدار کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 جنوری 2024 14:55

متحدہ عرب امارات نے انکم ٹیکس سے متعلق وضاحت جاری کردی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے انکم ٹیکس سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افراد پر انکم ٹیکس متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ گلف نیوز کے مطابق ’متحدہ عرب امارات کی وزارت خزانہ کے انڈر سیکرٹری یونس الخوری کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں افراد پر فی الحال کسی بھی وقت ان کی ذاتی آمدنی پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا‘، انہوں نے عرب ممالک میں وزارت خزانہ کے انڈر سیکرٹریز کے 9 ویں اجلاس کے دوران ٹیکس سے متعلق اپنی حکومت کے موقف کا اعادہ کیا، ان کا یہ تبصرہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے حالیہ مہینوں میں کارپوریٹ انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی میں ہونے والی عرب ممالک کی وزارت خزانہ کے انڈر سیکرٹریز کی موجودہ میٹنگ کا اہتمام عرب مالیاتی فنڈ نے کیا ہے، اس میں وزارت خزانہ کے انڈر سیکرٹریز کے علاوہ متعدد ماہرین نے شرکت کی، جن کا تعلق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، ورلڈ بینک اور اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) سے ہے، اجلاس میں حاضرین نے عرب ممالک میں مالیاتی پالیسیوں سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یو اے ای کی وزارت خزانہ سے انڈر سیکرٹری یونس حاجی الخوری، اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے بین الاقوامی مالیاتی تعلقات علی عبداللہ شرافی اور وزارت کے متعدد دیگر ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر الخوری نے کہا کہ "یہ اجلاس تجربات کے تبادلے اور مالیاتی پالیسیوں میں ہونے والی پیشرفت اور ساتھی عرب ممالک کی طرف سے اقتصادی اور مالیاتی استحکام کے حصول اور جامع و پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی اقتصادی اور مالیاتی اصلاحات کی کوششوں سے متعلق تعاون کو بڑھانے کا ایک اہم موقع پیش کرتا ہے"۔

بتایا جارہا ہے کہ اس سال کے اجلاس کے سیشنز "گرتی ہوئی شرح نمو اور اعلی مالیاتی لاگت کی روشنی میں مالیاتی پالیسی کے خطرات"، "سبز معیشت اور صاف و قابل تجدید توانائیوں کی طرف منتقلی"، "خودمختار پائیداری سے منسلک مواقع پر غور سے لے کر مؤثر نفاذ کے چیلنجز اور 'غیر رسمی معیشت کو مربوط کرنے میں مالیاتی پالیسی کا کردار" کے موضوعات پر مباحثے ہوئے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں