عجمان میں کار کو خوفناک حادثہ، ایک شخص ہلاک

سیٹ بیلٹ نہ باندھنا اور عدم توجہی اس خوفناک حادثے کا سبب بنا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 11 اپریل 2019 12:40

عجمان میں کار کو خوفناک حادثہ، ایک شخص ہلاک
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اپریل 2019ء) اماراتی ریاست عجمان میں ایک کار کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں مصر سے تعلق رکھنے والا ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اُس کی 35 سالہ بیوی اور دو بچے جن کی عمریں 3 سال اور 4 سال بتائی گئی ہیں، شدید زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ہولناک ٹریفک حادثہ الزور ا کے علاقے میں الاتحاد روڈ پر پیش آیا۔

جب کار اچانک49 سالہ مصری ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑ ک کنارے بیریئر سے جا ٹکرائی۔ عجمان ٹریفک اور پٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل سیف الفلاسی نے مقامی اخبار کو بتایا کہ یہ حادثہ بے توجہی سے ڈرائیونگ کے باعث پیش آیا۔ جبکہ ڈرائیور نے ایک اور بڑی غفلت یہ کی تھی کہ ڈرائیونگ کے وقت سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی جس کے باعث گاڑی کے قلابازیاں کھانے کے دوران اُس کی موت واقع ہو گئی۔

(جاری ہے)

کرنل الفلاسی کے مطابق اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی پٹرولز، ٹریفک ایکسپرٹس، اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ جنہوں نے جائے حادثہ پرجا کر دیکھا کہ گاڑی چلانے والے مصری باشندے کی موت واقع ہو چکی تھی جبکہ اُس کی بیوی اور بچے زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہیں فوری طور پر خلیفہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں اُنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ الفلاسی نے تمام ڈرائیورز سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران تمام تر توجہ سڑک پر مرکوز رکھا کریں۔ خصوصاً دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال کسی خوفناک حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ اور سب سے بڑھ کر ڈرائیورز کو سیفٹی رولز کو مدنظر رکھتے ہوئے سیٹ بیلٹ ضرور باندھنی چاہیے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں