دُبئی جانے کے خواہش مند پاکستانیوں پر نئی شرط عائد کر دی گئی

پاکستان سمیت 10ممالک کے باشندے کورونا کا سرٹیفکیٹ حاصل کیے بغیر دُبئی کا سفر نہیں کر سکیں گے، جسے بنوائے 96 گھنٹے سے زیادہ وقت نہ گزرا ہو

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 جولائی 2020 14:47

دُبئی جانے کے خواہش مند پاکستانیوں پر نئی شرط عائد کر دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جولائی 2020ء) پاکستان سمیت دُنیا کے 10ممالک پر دُبئی کا سفر کرنے کے حوالے سے نئی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان ممالک کے باشندے جب تک اپنے کورونا ٹیسٹ کے نیگیٹو ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کریں گے، انہیں دُبئی جانے والی پرواز میں سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔ ایمریٹس ایئر لائنز کی جانب سے مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ دُبئی کا سفر کرنے کے لیے اپنے ساتھ کورونا کے نیگیٹو ٹیسٹ کی رپورٹ بھی ساتھ رکھیں۔

کورونا ٹیسٹ کلیئر ہونے کا سرٹیفکیٹ سفر کرنے سے 96 گھنٹے پُرانا نہیں ہونا چاہیے۔ یعنی اگر پرواز کے وقت سرٹیفکیٹ کو بنوائے ہوئے 4 روز سے زیادہ ہو گئے ہوں، تو ایسی صورت میں مسافر کو نیا سرٹیفکیٹ بنوانا ہو گا۔ اسی صورت میں اسے طیارے میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایمریٹس کی جانب سے آج کے روز اپنی ٹریوی ایڈوائزری میں کورونا ٹیسٹ کے نیگیٹو ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے، جسے بنوائے ہوئے 96 گھنٹے سے زیادہ وقت نہ گزرا ہو۔

جن ممالک کے مسافروں پر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی پابندی لگائی گئی ہے، ان میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، مصر، ایران،فلپائن،تنزانیہ ، رُوس اورامریکا کی متعدد ریاستیں ( ڈلاس فورتھ ورتھ، ہیوسٹن، لاس اینجلس، سان فرانسسکو، فورٹ لاڈر ڈیل، اورلینڈو، کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس) شامل ہیں۔ ایمریٹس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دُبئی جانے کے لیے ان ممالک کے باشندوں کو لوکل گورنمنٹ کی منظور شدہ لیبارٹری سے جاری کردہ کورونا کے نیگیٹو ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہو گا۔

اگراماراتی حکومت نے کسی مُلک میں واقع کسی خاص لیبارٹری سے کورونا سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی پابندی لگائی ہے، تو ایسی صورت میں صرف اسی لیبارٹری کا جاری کردہ سرٹیفکیٹ کارآمد ہو گا۔ واضح رہے کہ دُبئی حکومت نے گزشتہ روز سے دُنیا بھر سے سیاحوں کو دُبئی میں آنے کی اجازت دے دی ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں