فُجیرہ: جھنڈے کی رسی گلے میں لِپٹنے سے اماراتی بچی جاں بحق

بچی نے کھیل کھیل میں رسی اپنی گردن کے گرد لپیٹ لی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 نومبر 2018 17:15

فُجیرہ: جھنڈے کی رسی گلے میں لِپٹنے سے اماراتی بچی جاں بحق
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 نومبر2018) متحدہ عرب امارات میں یومِ شہداء کی آمد آمد ہے، جسے اب یومِ یادگار کا نام دِیا گیا ہے۔ ہر اماراتی اس موقع پر جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گھر کو اماراتی پرچموں سے سجانے میں لگا ہوا ہے۔ اس کام میں بچے بھی پیش پیش ہیں۔ تاہم فجیرہ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں تین سالہ اماراتی بچی زندگی سے محروم ہو گئی۔

پولیس کے مطابق تین القُریہ کے علاقے میں بچی گھر کی چھت پر اکیلی کھیل رہی تھی۔ بچی نے کھیل کھیل میں جھنڈے کے پول کی رسی گردن کے گرد مضبوطی سے لپیٹ لی، جس کے نتیجے میں اُس کا سانس بند ہو گیا اور وہ خالقِ حقیقی سے جا مِلی۔ جب گھر والوں کو بچی کی آواز نہ آئی تو وہ چھت پر گئے جہاں اُنہوں نے بچی کو بے حِس و حرکت پایا۔

(جاری ہے)

بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں نے وہاں اُس کی موت کی تصدیق کر دی۔

اس موقع پر پولیس کی ٹیم نے گھر کا دورہ کیا اور اس رسی کا معائنہ کیا جس کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی تھی۔ بدقسمت بچی کی لاش کو تدفین کی خاطر سوگوار ماں باپ کے حوالے کر دیا گیا جسے قریبی قبرستان میں سپُرد خاک کر دیا گیا ہے۔ فجیرہ پولیس نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ چھوٹی عمر کے بچوں کو ہر وقت آنکھوں کے سامنے رکھیں۔ اُنہیں ایک لمحے کے لیے بھی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔

ذرا سی غفلت ساری عمر کے لیے دُکھ اور پچھتاوے کا باعث بن سکتی ہے۔بچہ اگر آنکھوں کے سامنے نہ ہو تو تھوڑی تھوڑی دیر بعد اُسے آواز ضرور دیجیے۔ بچوں کو کچن میں مت جانے دیجیے۔ خصوصاً آگ کے قریب مت رکھیں۔ چھُری کانٹے اور دیگر نوکدار چیزیں نہ پکڑنے دیں۔ چھوٹے بچوں کو ہدایت کریں کہ سیڑھیاں چڑھتے وقت احتیاط سے کام لیں۔ الیکٹریکل اور الیکٹرانکس کی اشیاء سے پرے رکھیں تاکہ کرنٹ وغیرہ لگنے کا احتمال نہ رہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں