فُجیرہ میں خاوند کے ہاتھوں بیوی کے قتل کی لرزہ خیز واردات رُونما

شقی القلب خاوند نےواردات کے دوران اپنے جگر گوشوں کو بھی چاقو گھونپ دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 مارچ 2019 13:41

فُجیرہ میں خاوند کے ہاتھوں بیوی کے قتل کی لرزہ خیز واردات رُونما
فُجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جس نے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ ایک جنونی شخص نے اپنی بیوی کو چاقو کے وار کر کے زندگی سے محروم کر دیا۔ اس شخص کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ایشیائی ملازم روزگار کے سلسلے میں ایشیا میں مقیم تھا۔

جس نے ایک عرب خاتون سے شادی کر رکھی تھی۔ ان کے دو بچے بھی تھے۔ تاہم کافی عرصے سے میاں بیوی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ تھے۔ وقوعہ کے روز یہ شخص خطرناک ارادے سے گھر میں داخل ہوا اور اپنی 39 سالہ بیوی کو بے رحمی سے چاقو گھونپ کر اُس کی زندگی کا خاتمہ کر ڈالا۔ اس بہیمانہ قتل کے بعد بھی اس ظالم شخص کے جنون کی آگ ٹھنڈی نہ ہوئی۔

(جاری ہے)

انسانیت سے عاری یہ شخص گھر میں موجود اپنے دو کم سن بچوں کو بھی جان سے مارنے کے ارادے سے اُن کی طرف بڑھا اور اپنے 9 سال اور 12 سال کے بیٹے کو بھی چاقو کے وار کر ڈالے۔

اور پھر گھر میں موجود غیر مُلکی ملازمہ کو بھی شدید زخمی کر ڈالا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس جب وقوعہ پر پہنچی تو خاتون اللہ کو پیاری ہو چکی تھی۔ جب کہ بچے اور ملازمہ خون میں لت پت پڑے تھے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی سر توڑ کوششوں سے ان کی جان بچا لی گئی۔بعد ازاں پولیس نے اس جنونی شخص کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا۔ جسے عدالت کی جانب سے قتل کی منصوبہ بند واردات دینے کے جُرم میں سزائے موت سُنا دی گئی۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں