اماراتی ریاست میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق جرمانہ بھُگتنے والوں کو شاندار رعایت

راس الخیمہ میں یومِ وطنی کے موقع پر ماحولیاتی آلودگی کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں 30 فیصد کمی کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 نومبر 2019 15:02

اماراتی ریاست میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق جرمانہ بھُگتنے والوں کو شاندار رعایت
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء ) ایسے تمام مقامی اور غیر مُلکی افراد جو راس الخیمہ میں مقیم ہیں اور وہاں کسی ماحولیاتی آلودگی کے ضابطے کی خلاف ورزی پر جرمانے کے سزاوار ٹھہرے ہیں، ایسے افراد کے لیے راس الخیمہ کی حکومت نے شاندار خبر سُنا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت کے 48 ویں یومِ وطنی کے موقع پر ماحولیاتی آلودگی سے متعلق عائد تمام جرمانوں کی رقم میں 30 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔

جرمانوں میں کمی کی یہ رعایت رواں سال کے اختتام تک جاری رہے گی۔ یہ بات پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل احمد الحمادی نے بتائی۔ تاہم الحمادی کا کہنا تھا کہ یہ رعایت اُن ہیوی ٹرک کے ڈرائیورز کو نہیں مِلے گی جواپنے ٹرکوں کا وزن کرانے کی بجائے وزن کرنے والے اسٹیشنز سے بھاگتے ہوئے پکڑے گئے اور اس خلاف ورزی پر اُن پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس رعایت سے وہی فائدہ اُٹھا سکیں گے جو اس رعایتی اسکیم کے آغاز سے قبل ماحولیات سے متعلق خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے۔ احمد الحمادی نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز سے لے کر اب تک راس الخیمہ میں محکمے کے انسپکٹرز کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق خلاف ورزیوں پر جرمانے کے 11,373 ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ ماحولیات سے متعلق خلاف ورزیوں کو پکڑنے کے لیے سٹاف انسپکٹرز کی جانب سے سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ سمارٹ ڈیوائسز خلاف ورزی کی نشاندہی کرنے کے علاوہ اس میں ملوث افراد کی ویڈیو بھی ریکارڈ بنا لیتی ہیں اور پھر فوری طور پر خلاف ورزی کے مرتکب فرد کو اُن کے موبائل فون پر جرمانے سے متعلق ٹیکسٹ میسج روانہ کر دیا جاتا ہے۔ جس میں خلاف ورزی کی نوعیت، مقام اور وقت کے بارے میں بھی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔ ماحولیات سے متعلق زیادہ تر خلاف ورزیاں قدرتی مقامات، وادیوں اور پہاڑوں میں رُونما ہوئیں۔

ان قدرتی مقامات میں جبل جیس، عوام کے لیے مخصوص ساحلِ سمندر، کارنیشے روڈ کے علاوہ شیخ محمد بن زاید روڈ کے آس پاس کے مقامات ہیں، یہ تمام تفریحی مقامات متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے لیے سیاحت کے لحاظ سے مقبول ترین مقامات ہیں۔ راس الخیمہ میں ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی ریکارڈ کرنے کے لیے 74 انسپکٹرز پر مشتمل عملہ کام کر رہا ہے جنہیں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے 55 پٹرولنگ گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔

ان انسپکٹرز کی ذمہ داری اور اپنے کام سے لگن کے باعث راس الخیمہ میں ماحول کو محفوظ بنانے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ الحمادی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اگر کسی مقام پر ماحول کو نقصان پہنچانے والی سرگری دیکھیں تو فوری طور پر راقب محکمے کی مفت ہاٹ لائن (8008118) پر اطلاع دیں تاکہ راس الخیمہ کی فطری خوبصورتی اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں بھی تمام ماحولیاتی آلودگی سے متعلق جرمانوں پر 30 فیصد رعایت دی گئی تھی۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں