ابو ظہبی:آرٹیکولیٹڈ لاریوں کے لیے نئی فیسوں اور قواعد و ضوابط کا اعلان سامنے آ گیا

نئے قواعد و ضوابط یکم ستمبر 2018ء سے نافذ العمل ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 جولائی 2018 13:00

ابو ظہبی:آرٹیکولیٹڈ لاریوں کے لیے نئی فیسوں اور قواعد و ضوابط کا اعلان سامنے آ گیا
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جُولائی 2018) ابو ظہبی پولیس نے آرٹیکولیٹڈ لاریوں کی رجسٹریشن کے لیے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا جو یکم ستمبر 2018ء سے لاگو ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں عوام کے لیے سفری سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے۔اور ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقررہ کردہ نئے حفاظتی معیارات کے تحت عوامی تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔

آرٹیکولیٹڈ ٹرکوں اور بسوں کی رجسٹریشن ایک سال کے لیے کی جائے گی جس کے لیے 120 اماراتی درہم کی فیس بھی جمع کروانی ہو گی۔ رجسٹریشن کی مُدت ختم ہونے کے بعد اگلے سال کے لیے دوبارہ سے رجسٹریشن اور فیس جمع کروانی ہو گی۔ 120 اماراتی درہم کی فیس ٹیکنیکل ٹیسٹ کی مد میں وصول کی جا رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق آرٹیکولیٹڈٹرکوں کے مالکان جو ابو ظہبی میں انہیں چلانا چاہتے ہیں‘ مگر اُن کی رجسٹریشن متحدہ عرب امارات کی دُوسری ریاستوں میں ہوئی ہے‘ اُن کا ٹیکنیکل ٹیسٹ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی پولیس کے وہیکل لائسنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سیف الزابی نے بتایا کہ ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ ابو ظہبی میں مخصوص رُوٹس پر آرٹیکولیٹڈ ٹرک چلانے کے لیے پرمٹس جاری کرے گا۔ تاہم ان ٹرکوں کی لمبائی 35 میٹر سے زائد نہیں ہونی چاہیے جبکہ چوڑائی 2.9 میٹر تک مخصوص کی گئی ہے۔ ان ٹرکوں میں اینٹی لاک بریک سسٹم ہونا بھی لازمی ہے۔

ٹریلر ٹرکوں کو ابو ظہبی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے مقرر کردہ سیفٹی سٹینڈرڈز اور تکنیکی خصوصیتوں پر پُورا اُترنا بھی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ کرنل الزابی نے آرٹیکولیٹڈ ٹرکوں کے مالکان سے کہا کہ اگر وہ نئے قواعد و ضوابط اور فیس کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے تو ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ اُن کی مدد اور معاونت کے لیے دستیاب ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں